خصوصی افراد کے لیے پہلے روزگار میلے کا انعقاد

 32کمپنیوں نے اسٹال لگائے،خصوصی افراد کے انٹرویو اوردرخواستیں لیںزوّار توفیق

کمپنیوں سے معلوم کریں گے کہ معذوروں کومزید کس تربیت کی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے ناؤ پی ڈی پی کے تحت اپنی نوعیت کے پہلے جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جاب فیئر میں 32قومی اور کثیر القومی کاروباری اداروں نے اسٹالز لگائے اور کمپنیوں کے افرادی قوت کے شعبہ جات کے نمائندوں نے ملازمت کے خواہش مند خصوصی افراد کے انٹرویو کیے اور ان کی درخواستیں وصول کیں، ناؤ پی ڈی پی کے تحت خصوصی افراد کی آگہی کے لیے مختلف سیشنز بھی منعقد کیے گئے جن میں انھیں انٹرویو کی تیاری اور سوال جواب کے مراحل سے گزرنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔


جاب فیئر میں شریک گلستان جوہر کے نوجوان 22سالہ اویس کا کہنا تھا کہ انھوں نے کراچی یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس کے مضمون میں ایم اے کیا ہے اور کمپیوٹر کے استعمال میں بھی مہارت رکھتا ہوں انہوں نے کہا کہ جاب فیئر کا انعقاد خصوصی افراد کے لیے ایک بہت بڑی سہولت ہے۔

گلبہار کے علاقے سے اپنی بصارت سے محروم نوجوان بیٹی کو جاب فیئر میں لانے والے محنت کش والد شاہد جمیل کا کہنا تھا کہ ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا پیدائشی طور پر بصارت سے محروم ہیں لیکن ناؤ پی ڈی پی جیسے اداروں کی مدد سے انہوں نے اپنے تینوں بچوں کو تعلیم دلوائی اور کمپیوٹر استعمال کرنا سکھایا جبکہ ایک بیٹی بصار ت سے محروم افراد کے لیے کتابیں بھی لکھتی ہے۔

ناؤ پی ڈی پی کے نمائندے زوّار توفیق نے بتایا کہ جاب فیئر میں 32کمپنیاں شریک ہیں اور سیکڑوں کی تعداد میں خصوصی افراد نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا۔
Load Next Story