موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کی فردوس عاشق اعوان کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت


ویب ڈیسک December 06, 2019
وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت اطلاعات میں اصلاحات پر اجلاس

وزیراعظم نے معاون خصوصی اطلاعات کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت اطلاعات میں اصلاحات پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، فردوس عاشق اعوان، شہباز گل، زاہدہ پروین اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت کی کارکردگی، افرادی قوت اورجدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ضمن میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کردار پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، معاشی ترقی کو اجاگر کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات لے۔

وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے اور سوشل میڈیا کے استعمال کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کا معاشرے اور حکومتی اقدامات پررائے عامہ قائم کرنے میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں شفافیت اورمیرٹ کا خیال رکھنا ہے، نوجوانوں کواس پروگرام سے بہت امیدیں ہیں، حکومت کا کام ہوتا ہے روزگار کے لیے مواقع پیدا کرے، حکومت کاروبار کو سہولت فراہم کررہی ہے، عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق کاروبارمیں آسانی پیدا کرنے میں پاکستان 28 پوائنٹ اوپر گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 15 سے 20 دنوں میں 10 لاکھ نوجوانوں نےقرض کیلئے درخواست دی، ایک لاکھ 90 ہزارخواتین نے پروگرام کے تحت قرضوں کیلئے درخواست دی، نئے پاکستان کا مطلب نئی سوچ ہے، میرٹ کو آگے لانا ہے جب کہ سیاحت بہت زبردست انڈسٹری ہے لوگوں کو ابھی اس کا پتا نہیں، سیاحت کے شعبے میں لوگوں کونوکریاں ملیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں