صدرآصف زرداری کی عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت

صدرآصف زرداری نے ہدایت کی کہ سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے قانون کو حتمی شکل دے کر اسمبلی سے منظورکرایاجائے


ویب ڈیسک September 02, 2012
صدرآصف زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں بلدیاتی امور ، کراچی میں قیام امن اورملک میں جاری بجلی کے بحران سے متعلق امورپرغورکیا گیا۔ فوٹو: اے پی پی

صدر آصف زرداری نے عام انتخابات سے قبل سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے اورپیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو اتحادیوں کے خلاف بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صدرآصف زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں بلدیاتی امور،کراچی میں قیام امن اورملک میں جاری بجلی کے بحران سے متعلق امورپرغورکیا گیا،صدرنے اس موقع پرکہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ میں آئے بغیراقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

صدرآصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماوں کو ایم کیوایم سمیت اتحادی جماعتوں کے خلاف کسی بھی قسم کے بیانات دینے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ، صدر نے کہاکہ مفاہمتی پالیسی جاری رہے گی اور آئندہ عام انتخابات بھی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔

اجلاس میں صدرآصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے قانون کو جلد حتمی شکل دے کراسے اسمبلی سے منظور کرایاجائے۔

صدرآصف زرداری نے بجلی کے بحران پربھی جلد ازجلد قابو پانے کی ہدایت کی اورکہا کہ ملک بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا اس سے ملکی معیشت پر برے اثرات پڑتے ہیں۔۔ وفاقی وزیرپانی وبجلی چوہدری احمد مختار نے صدر کو ملک میں بجلی کی فراہمی اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں