کراچیفائرنگ اورپرتشددواقعات کے دوران 9 افرادہلاک

اورنگی میں 3،محمودآباد،قصبہ کالونی،غازی ٹائون اورلانڈھی میں 4ہلاکتیں،کلفٹن سے لاش ملی

محمود آباد5نمبرکے قریب نامعلوم شر پسندوں کی جانب سے ہنگامہ،رینجرز نے صورتحال قابومیں کرلی۔ ،فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سیاسی جماعت کے سابق علاقائی عہدایدار سمیت9افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق محمود آباد نمبر5 میں گھرکے قریب فٹ پاتھ پراپنے دوستوں کے ہمراہ بیٹھے ہوئے شخص کو موٹر سائیکل پر سوار2 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کردیاجسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ زخمی دوران راستے دم توڑ گیا۔

مقتول کی شناخت37 سالہ قمر شاہ کے نام سے ہوئی اور مقتول محمود آباد5 نمبر کا رہائشی تھا ،مقتول سیاسی جماعت کا سابق علاقائی عہدیدار بتایا جاتاہے ، فائرنگ کے واقعے کے بعد محمود آباد میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دکانیں اور کاروبار بند کرادیا گیا۔محمود آباد5نمبرکے قریب نامعلوم شر پسندوں کی جانب سے ہنگامہ کی گئی اس دوران نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کوشیشے ٹوٹ گئے ۔محمود آباد کی مرکزی شاہراہ پر جگہ جگہ ٹائر جلا کر سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی تاہم بعدازاں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کر لیا۔اورنگی ٹائون سیکٹرساڑھے11چاندنی چوک کے قریب موٹرسائیکل پرسوارملزمان نے چلتی ہوئی موٹر سائیکل پر فائرنگ کردی اورفرار ہو گئے۔

جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر2افراد55 سالہ ریاض اور30سالہ شاہد جاں بحق ہوگئے۔مقتولین اورنگی ٹائون نمبر7قطر اسپتال کے قریب کے رہائشی تھے ۔اورنگی سیکٹر ساڑھے گیارہ قبرستان میں 40سالہ شخص پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا جس کی لاش پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی ۔ قصبہ کالونی شہزادموڑ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اورفرار ہو گئے،مقتول کی شناخت 30سالہ کاشف عرف افغانی کے نام سے کر لی گئی،مقتول ایم پی آرکالونی کا رہائشی تھا۔ غازی ٹائون میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا،مقتول کی شناخت60سالہ یاسین کے نام سے ہوئی ،مقتول مکان نمبر 569 غازی ٹائون کارہائشی تھا۔ کلفٹن میں کھڑی کار نمبرW-0090 میں سے لاش ملی۔




جس کی شناخت51سالہ محمدبیشیرکے نام سے کر لی ،متوفی گلشن اقبال بلاک4کا رہائشی اورکسی کا ڈرائیور ہے ،وجہ موت معلوم نہ ہوسکی۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لانڈھی گل احمد چورنگی کے قریب مصالحے والی گلی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ اﷲ داد مگسی وہلاک ہو گیا،مقتول اندرون سندھ گمبٹ کا رہائشی تھا ،پولیس ذرائع کے مطابق مصالحے والی گلی میں حنیف ، بادشاہ خان ، ندیم اور سلیم کے پولیس کی سرپرستی میں منشیات اڈے چل رہے ہیں جہاں سے ایس ایچ او کو مبینہ طور پر50ہزار روپے فی اڈا ہفتہ اور ڈی ایس پی کو30 ہزار روپے مل رہے ہیں۔دھوراجی کالونی میں نامعلوم ملزمان نے لوٹ مارکے دوران مزاحمت پر48سالہ محمد انیس کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 16سالہ رضیہ دختر عالم خان زخمی ہو گئی۔

اورنگی ٹاؤن توحید کالونی بلاک ایل میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ محمد عمر زخمی ہو گیا۔سچل کے علاقے محکمہ موسمیات چورنگی بلاول نورانی گوٹھ میں واقع خیبرہوٹل کے احاطے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکرپھینک کر فرار ہو گئے جو زور داردھماکے سے پھٹ گیا،دھماکے کے نتیجے میں عاطف ، حفیظ ، اکرام ، حق نواز اوررب نواز زخمی ہو گئے تاہم حالت خطرے سے باہرہے۔آرام باغ کے علاقے اردو بازارکے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 36سالہ فقیرانامی شخص زخمی ہو گیا۔بعدازاں اورنگی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والامحمدعمرقطر اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ، مقتول کو پولیس کے لیے مخبری کرنے کے شبہ میں مارا گیاہے ،محمد عمر بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں زخمی ہوا تھا جبکہ ایس ایچ او بلدیہ نے واقعے سے لاعلمی کا اظہارکرتے ہوئے بتایا کہ سعید آباد تھانے کی حدود ہو سکتی ہے۔
Load Next Story