سندھ کلچرل ڈے پر ہوائی فائرنگ کرنیوالے پولیس کو نہ مل سکے

فوٹیج میں جو گاڑی دکھائی دے رہی تھی وہ ڈیفنس سے لاوارث حالت میں مل گئی


Staff Reporter December 07, 2019
گاڑی اب بھی پیپلز پارٹی کے رہنما کے نام پر ہی ہے جس کا پتہ سانگھڑکا درج ہے، میر لاشاری ۔ فوٹو : فائل

ڈیفنس کے علاقے دو دریا کے قریب کلچر ڈے کے موقع پر گاڑی میں سوار نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس کے سامنے کھلے عام ہوائی فائرنگ کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ساحل تھانے میں درج مقدمے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

ساحل انویسٹی گیشن انچارج میر محمد لاشاری نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ سے متعلق وائرل ہونے والی فوٹیج میں جو سفید رنگ کی گاڑی نمبر KS-9183 دکھائی دے رہی تھی وہ ڈیفنس کے علاقے میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب لاوارث حالت میں کھڑی ملی ہے ، انھوں نے بتایا کہ گاڑی کو گشت پر مامور پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے دیکھا تھا جسے بعدازاں ساحل تھانے منتقل کر دیا گیا۔

میر محمد لاشاری نے ایک بار پھر سے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری سے انکار کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑی پیپلز پارٹی کے رہنما کے نام پر ہے جسے انھوں نے گزشتہ سال 4 مارچ کو ایک کار شو روم پر فروخت کر دی تھی۔

بعدازاں مذکورہ گاڑی 12 روز کے بعد 16 مارچ کو دوبارہ فروخت کر دی گئی اور اب تک متعدد افراد کو فروخت کی جا چکی ہے تاہم سی پی ایل سی کے ریکارڈ میں گاڑی اب بھی پیپلز پارٹی کے رہنما کے نام پر ہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ لاوارث حالت میں ملنے والی گاڑی کون اور کب چھوڑ کر گیا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں