سری لنکا کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان فواد عالم کی 10 سال بعد واپسی

دورہ آسٹریلیا میں شامل افتخار احمد اور موسی خان کی جگہ فواد عالم اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا


ویب ڈیسک December 07, 2019
دورہ آسٹریلیا میں شامل افتخار احمد اور موسی خان کی جگہ فواد عالم اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سریز کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا جب کہ فواد عالم کی 10 سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی ہیں بلکہ ہم انہیں لڑکوں کو موقع دینا چاہتے ہیں اور ٹیم میں صرف 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

چیف سلیکٹر کے اعلان کردہ ٹیم میں اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسدشفیق، بابراعظم، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ، عثمان شنواری شامل ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم میں شامل افتخار احمد کی جگہ فواد عالم جب کہ موسی خان کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ محمد موسی خان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے البتہ وہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور وقار یونس سے رہنمائی لیتے رہیں گے۔

خیال رہے 34 سالہ فواد عالم نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 41.6 کی اوسط سے 250 رنز بنائے ہیں، انہوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں 168 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ انہوں نے اپنا آخری میچ میں 2009 میں ہی سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا اور اس کے بعد سے انہیں موقع نہیں دیا گیا۔

قومی ٹیسٹ ٹیم میں 10 سال بعد واپسی کرنے والے فواد عالم پاکستان ٹرافی کے حالیہ سیزن میں بھرپور فارم میں دکھائی دیے، انہوں نے سیزن میں 4 سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری اسکور کی جب کہ 211 رنز کی انفرادی اننگز ان کا سب سے بہترین اسکور تھا، مڈل آرڈر بلے باز نے مجموعی طور پر اس ٹورنامنٹ میں 781 رنز بنائے۔

واضح رہے سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر کو راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں