بالی ووڈ اداکارہ کاجول کے 17 سونے کے کنگن چرانے والے چور پکڑے گئے

چوری کرنے والے ملزمان کو 4 روز قبل ہی صفائی ستھرائی کے کام کے لئے گھر پر کام دیا گیا تھا، پولیس

چوری کرنے والے ملزمان کو 4 روز قبل ہی صفائی ستھرائی کے کام کے لئے گھر پر رکھا گیا تھا، پولیس فوٹو؛ فائل

کروا چوتھ کے روز بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کے 5 لاکھ روپے مالیت کے 17 سونے کے کنگن چرانے والا چور خاتون ساتھی کے ہمراہ پکڑا گیا۔

ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن کی جانب سے خاتون سمیت چوری کرنے والے 2 چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت 22 سالہ گائتری دوندرا اور 33 سالہ سنتوش پانڈے کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان گزشتہ تین سالوں سے اجے دیوگن کے گھر کے باہر صفائی کا کام کررہے تھے جب کہ کروا چوتھ سے 4 روز قبل ہی دیوگن خاندان کی جانب سے انہیں گھر میں صفائی ستھرائی کا کام دیا گیا تھا۔


پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران گھر کے تمام ملازمین سے پوچھ گچھ کی گئی اور ان کی حرکات و سکنات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد گائتری کو حراست میں لیا گیا اور اس نے جرم کا اعتراف بھی کیا جس کے بعد ملزمہ کی شناخت پر اس کے ساتھی سنتوش پانڈے کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چار کنگن اصلی حالت میں برآمد کرلئے ہیں تاہم دیگر کنگنوں کو پھگلا دیا گیا۔

واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو اجے دیوگن کی جانب سے کاجول کے لئے کرواچوتھ کے تحفے کےلئے لائے گئے 17 سونے کے کنگن چوری ہوگئے تھے، پولیس کی جانب سے اس وقت گھر کے ملازم پر ہی چوری کا شبہ ظاہر کیا جارہا تھا۔ اس سے قبل 2008 میں بھی گھر کے ملازم نے قیمتی زیورات چوری کرلئے تھے جسے بعد میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
Load Next Story