کھاتے داروں کے کروڑوں روپے ہڑپ کرنیوالابینک منیجر گرفتار

ملائیشیا سے واپسی پر عامر اور معاونت پربینک کا کیشیئر بھی زیر حراست


Staff Reporter October 31, 2013
شکایت پر ایف آئی اے کی کارروائی،جعل سازی کا مقدمہ درج،مزید تفتیش شروع فوٹو: فائل

ایف آئی اے کرائم سرکل نے کھاتے داروں کے ساڑھے3کروڑ روپے ہڑپ کرجانے والے نجی بینک کے منیجر کو ایک سال بعد ملائشیا سے واپسی پر گرفتار کرلیا۔

معاونت کے الزام میں بینک کاکیشیئر بھی گرفتار کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق نجی بینک کی حسن اسکوائر برانچ کے بزنس سروس منیجر عامر اور کیشیئر شعیب بدر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی اے کو نجی بینک کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ حسن اسکوائر برانچ کے بزنس سروس منیجر نے دیگر اہلکاروں کی ملی بھگت سے کھاتے داروں کے ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد ہڑپ کرلیے ہیں، جب بینک کی اعلیٰ انتظامیہ نے عامر سے اس سلسلے میں باز پرس کی تو وہ مفرور ہوگیا۔



ایف آئی اے حکام نے گزشتہ سال ستمبر اور اکتوبر میں ہونے والے مالی فراڈ کے مرکزی ملزم کے بارے میں چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ ملزم ملائشیا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام ملزم کے رشتے داروں اور دوستوں کی نگرانی کررہے تھے اور چند دن قبل ملزم معاملہ ٹھنڈا سمجھ کر وطن واپس آیا تو ایف آئی اے کو علم ہوگیا اور انھوں نے ملزم عامر کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا، ملزم کی معاونت کے الزام میں بینک کے کیشیئر کو بھی حراست میں لے لیا گیا، جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ وہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ کیلیے جمعرات کو ان کے جسمانی ریمانڈ حاصل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں