کراچی چڑیا گھر میں ببر شیر نے ملازم کا ہاتھ دبوچ لیا

کنّو پیرا دتہ کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے


Staff Reporter/ December 09, 2019
کنّو پیرا دتہ کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے (فوٹو: فائل)

کراچی چڑیا گھر میں سفید ببر شیر کی حفاظت پر مامور ملازم کا ہاتھ سفید شیر نے دبوچ کر بُری طرح زخمی کردیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کراچی چڑیا گھر کے 57 سالہ رکھوالے کنّو پیرا دتہ کو سفید شیر نے پنجرے میں گھسیٹنے کی کوشش کی اور ہاتھ بازو تک اپنے بھیانک جبڑوں میں دبوچ لیا اس دوران چڑیا گھر کا عملہ یا سیکیورٹی اسٹاف رکھوالے کی مدد کو نہیں آیا ملازم نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی ہاتھ شیر کے منہ سے چھڑوایا اور زخمی حالت میں گر کر بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمی ہونے والا رکھوالا سفید شیروں کی جوڑی، ببر شیر کی جوڑی اور ٹائیگر کی دیکھ بھال پر مامور ہے اور چڑیا گھر کا سب سے سینئر رکھوالا ہے۔ کنّو پیرا دتا سولجر بازار کا رہائشی ہے جو 22 سال سے چڑیا گھر میں خدمات انجام دے رہا ہے، زخمی ہونے والے رکھوالا اس سے قبل ببون اور کوبرا ناگ کے حملوں کا شکار ہو چکا ہے لیکن بروقت طبی امداد کی وجہ سے اس کی زندگی بچالی گئی تھی۔ اس مرتبہ بھی قسمت نے ساتھ دیا اور ہاتھ کے عضلات اور گوشت پر گہرے زخم آئے۔

زخمی ہونے والے رکھوالے کے بھتیجے ارون نے ایکسپریس کو بتایا کہ کنّو پیرا دتہ کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ہاتھ پر زخموں کے نقصانات کے بارے میں حتمی رائے معائنہ مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی، ڈاکٹروں نے ہڈی اور جوڑوں کا معائنہ کرکے ہڈیوں کو محفوظ قرار دے دیا ہے تاہم شیر کے نوکیلے پنجوں اور جبڑوں میں کچل کر نوچے گئے گوشت کی وجہ سے شریانوں کا تفصیلی معائنہ جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں