سمندر پار پاکستانیوں نے 1 ارب 81 کروڑ ڈالر پاکستان بھیج دیے

پانچ ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 9 ارب 29 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، اسٹیٹ بینک

نومبر 2019 کی ترسیلات زر کی مالیت نومبر 2018 کے مقابلے میں 9.35  فیصد زیادہ ہیں، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو:فائل

نومبر 2019ء کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے 1 ارب 81 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیج دیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2020ء کے پہلے 5 ماہ ( جولائی تا نومبر ) کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے 9 ارب 29 کروڑ 85 لاکھ ڈالر وطن بھجوائے جب کہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 9 ارب 28 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2019ء کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے 1 ارب 81 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی ترسیلات بجھوائیں جو اکتوبر 2019ء کے مقابلے میں 9.05 فیصد کم جب کہ نومبر 2018ء کے مقابلے میں 9 اعشائیہ 35 فیصد زیادہ ہیں۔


اعداد وشمار کے مطابق نومبر 2019ء میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 407.48 ملین ڈالر،383.77 ملین ڈالر،298.64 ملین ڈالر، 285.56 ملین ڈالر،172.25 ملین ڈالر، اور52.76 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

انہی ممالک سے نومبر 2018ء میں آنے والی رقوم بالترتیب 395.12 ملین ڈالر،350.35 ملین ڈالر، 268.32 ملین ڈالر، 246.78 ملین ڈالر،153.51 ملین ڈالر اور 42.22 ملین ڈالر تھیں۔

نومبر 2019ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 219.19 ملین ڈالر رہیں جب کہ نومبر 2018ء میں ان ملکوں سے 207.74 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔
Load Next Story