چیئرمین پی سی بی نے قوم کو صبر کا مشورہ دے دیا

 مصباح الحق کو ایک سال کا وقت دینا ہوگا،نتائج کیلیے تھوڑا انتظار کرنا چاہیے،مانی


Muhammad Yousuf Anjum December 11, 2019
 مصباح الحق کو ایک سال کا وقت دینا ہوگا،نتائج کیلیے تھوڑا انتظار کرنا چاہیے،مانی فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے قوم کو صبر کا مشورہ دیدیا۔

پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مایوس کن پرفارمنس پر پوری قوم کی طرح مجھے بھی دکھ ہے۔

ہمیں اس حقیقت کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ ہمارے کرکٹرز وہاں کی باؤنسی پچز پر کھیلنے کے عادی نہیں،ہم اپنی پچز کو بھی ٹھیک کررہے ہیں،کھلاڑیوں کو اس قابل بنانا چاہتے ہیں کہ جب وہ دیارغیر میں جاکر کھیلیں تو پرفارمنس خراب نہ ہو، ہمیں اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ اتنی جلدی توقعات کے مطابق نتائج ملنا مشکل ہوتے ہیں، وقت دینا پڑے گا، ایک سال تک ساری چیزیں مانیٹر کریں گے۔

اگر پھر بھی بہتری نہ آئی تو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اب آگے کیا کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم کے آنے سے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا دروازہ کھل گیا،بنگلہ دیش کو جنوری میں دورہ کرنا ہے جس کے بعد آئرلینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو بھی یہاں آکر کھیلنے کے لیے قائل کرنے میں مدد ملے گی۔

بھارت کے ساتھ کرکٹ کے سوال پر احسان مانی نے کہاکہ پڑوسی ملک نے کرکٹ کو بھی سیاسی رنگ دے دیا جو بہت غلط ہے، ہم ان کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے منت سماجت نہیں کرسکتے اور نہ کبھی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ کے تمام میچز ملک میں کرارہے ہیں اس سے ہمارا مثبت امیج پوری دنیا میں اجاگر ہونے کے ساتھ کھیل کو بھی بہت فروغ ملے گا۔ احسان مانی نے اس تاثر کوغلط قرار دیاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ون مین شوہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ تمام فیصلے مشاورت اور کرکٹ کی بہتری کیلیے کیے جاتے ہیں، چیزیں ٹھیک ہونا شروع ہوگئی ہیں، مزید بہتری نظر آئے گی، ماضی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ہمارا زیادہ عمل دخل نہیں تھا لیکن اب ہمارے لوگ 5 مختلف کمیٹیوں میں ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ لوگ ہم پر اعتماد کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں