پہلا ٹیسٹ پاکستان کیخلاف سری لنکا کے 5 وکٹوں پر 202 رنز

خراب روشنی کے باعث میچ کے پہلے روز کا کھیل قبل از وقت ختم ہوگیا


ویب ڈیسک December 11, 2019
راول پنڈی کے سونے میدان 15 برس بعد پھر سے آباد ہوگئے اور شائقین کرکٹ کی خوشیاں لوٹ آئیں فوٹو:پی سی بی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 202 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راول پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوگئی ہے اور راول پنڈی کے سونے میدان 15 برس بعد پھر سے آباد ہوگئے ہیں۔

اس تاریخی موقع پر پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس تقسیم کیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔



سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان کرونا رتنے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ ایک موقع پر عثمان شنواری نے کرونا رتنے کو 31رنز پر بولڈ کیا لیکن بیلز نہ گریں جس کے نتیجے میں انہیں لائف لائن مل گئی۔

کھانے کے وقفے کے بعد سری لنکا کی پہلی وکٹ96رنز پر گری اور کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

دوسری وکٹ 109 رنز پر گری اور اوشاڈا فرنانڈو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ بی کے جی مینڈس صرف 10 رن ہی بناسکے اور عثمان شنواری کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

مہمان ٹیم کا چوتھا کھلاڑی 127 رنز پر آؤٹ ہوا اور چندی مل صرف 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ آئی لینڈرز کی پانچویں وکٹ 189 رنز پر گر گئی اور اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

خراب روشنی کے باعث میچ کے پہلے روز کا کھیل قبل از وقت ختم ہوگیا اور سری لنکا نے پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنا لیے ہیں۔

اس میچ میں اتفاق کی بات یہ ہے کہ پاکستان کے تمام 11 کھلاڑی سری لنکاکےخلاف ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ ٹاپ آرڈر اور اوپنرز میں عابد علی، شان مسعود اور اظہر علی جبکہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم، اسد شفیق اور حارث سہیل شامل ہیں، وکٹ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان سر انجام دے رہے ہیں جبکہ فاسٹ بولرز میں نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس، شاہین آفریدی شامل ہیں۔



ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئےسری لنکن ٹیم کے کپتان کرونا رتنے نے ابر آلود موسم کے حوالے سے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ان کنڈیشز میں کھیلنے کےعادی ہیں، وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے اس لیے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔



قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہم نے بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی، وکٹ کو دیکھ کر 4فاسٹ بولرز کھلانے کا فیصلہ کیا ہے، عابد علی اور عثمان شنواری ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے، یاسر شاہ کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا، فواد عالم گیارہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔



راولپنڈی اسلام آباد میں رات گئے برش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور مسلسل بادل چھائے رہے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں