پولیس فاؤنڈیشن کرپشن کیس عدالت کا نیب کو انجم عقیل کیخلاف کارروائی کا حکم

انجم عقیل 126 کنال اراضی کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق ادا کریں، عدالت کا حکم


ویب ڈیسک October 31, 2013
عدالت نے فیصلے کے دوران انجم عقیل کے خلاف فوجدارے مقدمے کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے افسران کو فائدہ پہنچانے والے قواعد بھی کالعدم قرار دیئے۔ فوٹو: فائل

QUETTA: سپریم کورٹ نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کرپشن کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تمام غیر قانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے اور نیب کو مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی پچھلی سماعت فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج سنایا گیا، جسٹس اعجاز چوہدری نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نیب کو انجم عقیل اور دیگر ذمہ داران کے خلاف 90 روز میں کارروائی مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا، عدالت نے انجم عقیل کو 126 کنال اراضی یا 88 ڈویلپ پلاٹوں کی موجودہ ویلیو کے مطابق 2 ماہ کے اندر قیمت ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر انجم عقیل عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کریں گے تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی۔

سپریم کورٹ نے فیصلے کے دوران انجم عقیل کے خلاف فوجدارے مقدمے کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے افسران کو فائدہ پہنچانے والے قواعد بھی کالعدم قرار دیئے اور غیر قانونی طور پر کی گئی پلاٹوں کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کردی، عدالت کا کہنا تھا کہ انجم عقیل اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدہ بدعنوانی پر مبنی تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں