اپوزیشن کا چوہدری نثار کے اپنے رویے پر معافی مانگنے تک سینیٹ کی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ

وزیر داخلہ کا رویہ ناقابل برداشت ہے، پارلیمنٹ کے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، اعتزاز احسن

پارلیمنٹ کو غلط معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں، معاملے پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، رضا ربانی فوٹو: فائل

اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے اپنے رویے پر معافی مانگنے تک سینیٹ کی کارروائی کا بائیکاٹ اور قومی اسمبلی میں احتجاج فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس سینیٹر رضا ربانی اور اعتزاز احسن کی صدارت میں ہوا جس میں ایم کیو ایم کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے شرکت کی، اجلاس میں چوہدری نثارعلی خان کے رویے پر حکمت عملی تیار کرنے اور تحریک استحقاق لانے پرغور کیا گیا، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کا رویہ ناقابل برداشت ہے، پارلیمنٹ کے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔


اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر داخلہ کے رویے کے خلاف سینیٹ کی کارروائی کے بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ پیر کو ہونے والے قومی اسملی کے اجلاس میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔ رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کو غلط معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں، معاملے پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا اور جب تک چوہدری نثار اپنے رویے معافی نہیں مانگیں گے سینیٹ کی کارروائی کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے حالیہ بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے حوالے سے پیش کئے گئے اعداد وشمار کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی جس کے بعد ایم کیو ایم کے علاوہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کا واک آؤٹ کیا، اپوزیشن کا مؤقف تھا کہ وزیر داخلہ نے اجلاس میں غلط اعداد وشمار پیش کئے اور برا رویہ اپنایا جس پر وہ معافی مانگیں۔

Recommended Stories

Load Next Story