امن کے خلاف سازشیں کرنے والوں میں اندورنی و بیرونی دونوں عناصر شامل ہیں حمزہ شہباز

جب بھی امن کی راہ ہموار ہوتی ہے تو سفاک دشمن قیام امن کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے سرگرم ہوجاتے ہیں،حمزہ شہباز

پاکستان کو بچانے کی سوچ کو فروغ دینے اور آگے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے, حمزہ شہباز ۔فوٹو : فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ ملک میں امن کی بحالی کے لئے مذاکرات سمیت ہر حکمت عملی اپنائیں گے اور امن کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پرانی انارکلی بم دھماکے میں جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کے ورثا و لواحقین کو مالی امداد کے چیک دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ انسانی جان کا ازالہ کسی بھی طرح ممکن نہیں، دہشت گردی کا شکار افراد کے لواحقین کو حقیقی خوشی اس وقت ہو گی جب دہشت گردی کے خاتمے سے شہریوں کی جان و مال محفوظ ہوجائے گی، اسی لئے حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اوربے گناہوں خون بہانے کے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لئے مذاکرات سمیت ہرممکن کوشش کررہی ہے تاکہ ہمارا ملک امن کا گہوارہ بن جائے۔


حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے دشمنوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اورجب بھی مذاکرات سمیت مختلف طریقوں سے امن کی راہ ہموار ہوتی ہے امن کے سفاک دشمن قیام امن کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے سرگرم ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن کے خلاف سازشیں کرنے والوں میں اندورنی و بیرونی دونوں عناصر شامل ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کی کوشش ایک سیاسی عمل ہے جو وزیراعظم نواز شریف ایک وژن کے مطابق آگے بڑھارہے ہیں۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ڈرون حملوں کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف نے امریکی صدر براک اوباما کے سامنے پاکستان کا موقف ٹھوس اور مدلل انداز میں پیش کیا، اس وقت پاکستان کو بچانے کی سوچ کو فروغ دینے اور آگے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، ہاتھ پر ہاتھ دھرے رکھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ملک میں قیام امن کی راہ ہموار کرنے کی کوشش میں معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا کردار موثر انداز سے ادا کرنا چاہئے۔
Load Next Story