ایف آئی اے نے بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کا آغاز کردیا

منصوبے میں تحقیقات کی خاطر بہت جلد تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، ذرائع ایف آئی اے


ویب ڈیسک December 12, 2019
منصوبے میں تحقیقات کی خاطر بہت جلد تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، ذرائع ایف آئی اے۔ فوٹو : فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر کریں گے، اس کے علاوہ منصوبے میں تحقیقات کی خاطر بہت جلد تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے ایف آئی اے کی جانب سے کی جانے والی انکوائری میں مکمل تعاون کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان خیبرپختونخوا حکومت اجمل وزیر نے کہا ہے کہ منصوبے کی شفافیت کیلئے ہر قسم کا تعاون کیاجائے گا، ایف آئی اے کی انکوائری روکنے کا کوئی ارادہ نہیں، سپریم کورٹ میں انکوائری کے فیصلے کے خلاف نہیں جارہے بلکہ عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کرنے کا مقصد صوبائی حکومت کا مؤقف سامنے لانا ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے میں بی آرٹی کے خلاف متعدد سوالات اٹھائے گئے ہیں لیکن صوبائی حکومت کو موقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، عدالتی فیصلے میں اٹھائے گئے سوالات کا جوابات دینا ہمارا آئینی وقانونی حق ہے، انہی سوالات کا جواب دینے کے لئے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو 45 دن کے اندر بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں