پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں سے فنڈز لینے کیلیے یورو بانڈجاری کریگا

75کروڑ ڈالرحاصل ہونگے،متعددعالمی بینکوں سے لیڈایڈوائزر کی تعیناتی کیلیے رابطے


AFP October 31, 2013
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق یورو بانڈ کے اجرا کا مقصد 75 کروڑ ڈالر کی رقم حاصل کرنا ہے. فوٹو: فائل

پاکستان زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے 6 سال میں پہلی بار یورو بانڈ کے اجرا کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

یہ پلاننگ اس وقت سامنے آئی ہے جب آئی ایم ایف کی ٹیم 6.7 ارب ڈالر کے قرض پیکیج سے منسلک اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آئی ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق یورو بانڈ کے اجرا کا مقصد 75 کروڑ ڈالر کی رقم حاصل کرنا ہے تاکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافے سے روپے کی گرتی ہوئی قدر کو سنبھالا جاسکے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے اجرا کے لیے مشاورت اور لیڈ ایڈوائزر کی تعیناتی کے لیے متعدد بین الاقوامی بینکوں سے رابطہ کیا ہے۔

ان میں سٹی بینک، ایچ ایس بی سی اور انٹرنیشنل چائنا بینکنگ کارپوریشن شامل ہیں، بینکوں کی بانڈ کے اجرا پر تجاویز آنے کے بعد حتمی فیصلے کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے ایک اور عہدیدار نے بانڈ اجرا کی پلاننگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بینک پاکستان کو بانڈ کے اجرا کے وقت، بانڈ کی فروخت کی قیمت اور اس کے حجم کے حوالے سے مشورے دیں گے۔



یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار بانڈ ایشوز سے 75 کروڑ اور 50 کروڑ ڈالر کی رقم 7.75 فیصد شرح سود پر 10 سال کے لیے حاصل کی تھی، آئی ایم ایف 3سالہ قرض ڈیل کے تحت پاکستان کو 54 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط ادا کر چکا ہے۔

جبکہ باقی قرض کا انحصار سخت اقتصادی شرائط پر عملدرآمد پر ہے، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 4.2 ارب ڈالر تک گر چکے ہیں جو آئی ایم ایف کی جانب سے ستمبر کے اختتام کے لیے رکھے گئے ہدف سے 30 کروڑ ڈالر کم ہے جبکہ جنوری سے اب تک روپے کی قدر میں 6.2 فیصد کمی آ چکی ہے جس سے اقتصادی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سہیل کا کہنا ہے کہ یہ بانڈ کے اجرا اور رقم کے حصول کے لیے دیگر آپشنز کے لیے بہترین وقت ہے، آئی ایم ایف کے قرض دینے کے باعث پاکستان کی مالیاتی منڈیوں میں ساکھ بھی بہتر ہو چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں