خروٹ آباد میں آپریشن اہم شخصیت کے قبضے سے 20 ایكڑ زمین اور ڈیم واگزار

سركاری اراضی پر قبضہ كسی صورت برداشت نہیں كیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر ثانیہ صافی


Staff Reporter December 12, 2019
سركاری اراضی پر قبضہ كسی صورت برداشت نہیں كیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر ثانیہ صافی (فوٹو: فائل)

خروٹ آباد میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن میں 20 ایكڑ زمین اور ایری گیشن كا ڈیم واگزار كرالیا گیا جب کہ كئی مكانوں كو مسمار کرکے 4 افراد كو گرفتار كرلیا گیا۔

كوئٹہ كی انتظامیہ کی جانب سے خروٹ آباد كے علاقے میں گرینڈ آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں اہم شخصیت كی جانب سے قبضہ كی گئی 20 ایكڑ زمین اور ایری گیشن كا ڈیم واگزار كرالیا۔ كئی مكانوں كو مسمار اور زیر تعمیرعمارتوں كے مالكان كو نوٹسز جاری كردیئے گئے جب کہ آپریشن کے دوران 4 افراد كو گرفتار كرلیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ثانیہ صافی نے روزنامہ ایكسپریس كو بتایا كہ شہر اور گرد و نواح میں سركاری اراضی واگزار كرانے کے لیے خروٹ آباد كے علاقے میں گرینڈ آپریشن كیا گیا جس میں ایف سی، پولیس اور لیویز نے حصہ لیا، اہم شخصیت كے قبضہ سے 20 ایكڑ اراضی اور محكمہ ایری گیشن كا ڈیم واگزار كرالیا گیا جس کی مالیت كروڑوں روپے ہے۔

اُنہوں نے بتایا كہ كارروائی کے دوران کئی مكانات مسمار كردیئے گئے جب کہ اس كارروائی سے قبل مكینوں كو سات روز قبل نوٹسز جاری کیے گئے تھے جب کہ اسی طرح زیر تعمیر عمارتوں كے مالكان كو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

ثانیہ صافی کا کہنا تھا کہ سركاری اراضی پر قبضہ كسی صورت برداشت نہیں كیا جائے گا، ایسے لوگ جو سركاری زمینوں پر آباد ہیں از خود ہی ان زمینوں كو چھوڑ دیں بصورت دیگر ان كے خلاف بھی سخت كارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |