گلشن اقبال ڈاکوؤں نے موبائل مارکیٹ کی10دکانیں لوٹ لیں

ایک درجن سے زائد مسلح ڈاکو ایک کروڑ روپے سے زائد کے موبائل فون، کالنگ کارڈ اور نقدی اور سامان لوٹ کر فرار ہو گئے


Staff Reporter November 01, 2013
ڈاکوؤں نے آخری دکان تک لوٹ مار کے بعد دکانداروں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔

گلشن اقبال میں واقع پی آر کیو موبائل مارکیٹ کی دکانوں سے ایک درجن سے زائد مسلح ڈاکو ایک کروڑ روپے مالیت سے زائد کے موبائل فون، کالنگ کارڈ اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے دکانداروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور شیشے کے شوکیس اور دیگر قیمتی سامان توڑ پھوڑ کر تباہ کر دیا ، پولیس ڈھائی گھنٹے بعد واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی ، دکانداروں نے ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور پولیس کی کارکردگی کے خلاف یونیورسٹی روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کر کے احتجاج کیا ۔

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک13/Aعثمانیہ ریسٹورینٹ کے برابر میں واقع پی آر کیو موبائل مارکیٹ میں جمعرات کی شام کو تقریباً ساڑھے6بجے ایک درجن سے زائد مسلح ملزمان داخل ہوئے اور10سے زائد دکانوں میں رکھے قیمتی موبائل فون ، کریڈٹ کارڈ ، میموری کارڈ ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔



عینی شاہدین کے مطابق ایک درجن سے زائد ملزمان پہلے خاموشی سے موبائل مارکیٹ کے اندر آخری دکان کے پاس چلے گئے اور پھر وہاں سے لوٹ مار شروع کی اور مارکیٹ کے مرکزی گیٹ کے قریب آخری دکان تک لوٹ مار کرنے کے بعد دکانداروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دکانوں میں رکھے شیشے کے شوکیس ، شو پیس اور دیگر قیمتی سامان توڑ کر تباہ کر دیا اور گالم گلوچ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

واقعے کے2گھنٹے گزر جانے تک علاقہ پولیس بے خبر رہی اور تقریبا ساڑھے9بجے ایس پی گلشن اقبال مقدس حیدر ، ڈی ایس پی ناصر لودھی اور ایس ایچ او عزیز بھٹی سب انسپکٹر غلام مصطفی پیر زادہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تاہم اس وقت تک دکانداروں نے مارکیٹ بند کر کے عثمانیہ ریسٹورینٹ کے سامنے سڑک ٹریفک کے لیے بلاک کر دی اور احتجاج شروع کر دیا تھا جس کے باعث یونیورسٹی روڈ ، راشد منہاس روڈ اور اس سے متصل سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں