کراچیفائرنگ وتشدد کے واقعات میں خاتون سمیت 6 ہلاک

اردوبازار،سی ویو ،ایوب گوٹھ،سلطانہ آباداورایکسپریس وے پرفائرنگ،رینجرزوپولیس افسرزخمی


Staff Reporter November 01, 2013
اردو بازارگلی میں کوارٹرزمیں گھس کرنامعلوم مسلح ملزمان نے چھری سے ایک شخص کو قتل کردیا۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورپرتشددواقعات میں خاتون سمیت6افرادہلاک ، رینجرز اورپولیس کے 2افسرزخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود ایکسپریس وے پر واقعے پٹرول پمپ کے قریب2 موٹر سائیکل پرسوارملزمان نے ہنڈا سٹی کار رجسٹریشن نمبر ANB-201 پرفائرنگ کردی اورفرارہوگئے جس کے نتیجے میںایک شخص ہلاک جبکہ دوسرازخمی ہوگیا جبکہ گاڑی میں موجودایک خاتون اورایک بچہ معجزانہ طورپرمحفوظ رہے،فائرنگ کے واقعے میں ہلاک اورزخمی ہونے والے افرادکوجناح اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت32سالہ ناظرحسین نقوی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت ضرارقیصرحسین جعفری کے نام سے ہوئی۔

ہلاک اورزخمی ہونے والے افراد15روز قبل ہی فیصل آبادسے کراچی آئے تھے اورگلستان جوہرمیں واقعے سینٹرل گورئمنٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں رہائش پذیرتھے،زخمی ہونے والا شخص رینجرزکاریٹائرڈانسپکٹرہے جبکہ ہلاک ہونے والاشخص اس کابہنوئی تھا،واقعے کے وقت مقتول ناظرحسین نقوی اپنی اہلیہ کوقیوم آبادپر واقعے ڈاکٹرعذرا کے کلینک لے کر آئے تھے اور واپسی پر ایکسپریس وے پر واقعہ ہو گیا،واقعے میں مقتول ناظرحسین نقوی کی اہلیہ اوربچہ معجزانہ طورپرمحفوظ رہے۔



اردو بازارگلی نمبر34میں واقعے کوارٹرزمیں گھس کرنامعلوم مسلح ملزمان نے چھری کے پے در پے وارکرکے ایک شخص کو قتل کردیا اورفرارہوگئے،ہلاک ہونے والی شخص کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت30 سالہ شرف الدین کے نام سے کر لی گئی،مقتول کاکڑ ہوٹل اردو بازارشیر شاہ میں ویٹرکے طور پر کام کرتاتھاجبکہ اس کا آبائی تعلق کوئٹہ پشین سے ہے۔درخشاں تھانے کی حدودخیابان فیصل سی ویوکے قریب دیوارکے کنارے سے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ اورنیلے رنگ کی جینز میں ملبوس ایک شخص کی لاش ملی جسے تیز دھارآلے کی مدد سے ذبح کیا گیا،مقتول کی شناخت24 سالہ محمدکے نام سے کر لی گئی،مقتول مکان نمبر R-929 گلشن ظہور اے بی سینیالین کارہائشی تھااوراس کا آبائی تعلق مظفر آبادسے ہے۔

ایوب گوٹھ پولیس چوکی کی حدودمیں نورخان ولیج کی گلی نمبر11میں واقعے مکان سے معمرخاتون کی لاش ملی جسے فائرنگ کر قتل کیا گیاتھا،مقتولہ کی شناخت50سالہ اﷲ وسائی کے نام سے کر لی گئی ۔جس وقت واقعہ پیش آیا مقتولہ کا شوہر اﷲ دتہ ملازمت پر فیکٹری گیا ہواتھا جبکہ خاتون اپنی 8سالہ نواسی کے ہمراہ سو رہی جسے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا، کچھ عرصہ قبل مقتولہ کے2 بیٹے عقیل اورشکیل گھریلو جھگڑوں کے باعث الگ ہو گئے تھے اور قریب ہی مکان کرائے پر لے رہ رہے تھے۔

سلطانہ آبادنیوحاجی کیمپ کے قریب واقع دومنزلہ مکان سے ایک شخص کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا ،مقتول کی شناخت50 سالہ رفیع اﷲ کے نام سے ہوئی۔سچل تھانے کی حدوددھنی بخش گوٹھ میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے گلستان جوہر انویسٹی گیشن پولیس کا اے ایس آئی جاویدکوزخمی کردیا۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کراسنگ ندی میں مغوی شخص کی لاش ملی جسے عمران علی بھٹی ولد جمشید علی بھٹی کے نام شناخت کرلیا گیا، پولیس کے مطابق مقتول کورنگی نمبر ڈیڑھ Rایریا کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا، مقتول کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی اولاد کوئی نہیں تھی ، عمران کچھ عرصہ قبل تک کالعدم سپاہ صحابہ ضلع ملیر کا جنرل سیکریٹری اور کورنگی کا سیکٹر انچارج تھا تاہم ان دنوں اس کے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا ، مقتول کچھ عرصہ قبل جیل سے ضمانت پر رہا ہو کر آیا تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں