ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستانی کرنسی میں بانڈز جاری کرے گا

بانڈز کے اجرا کے لیے حکومت سے ٹیکس استثنیٰ اور دیگر مراعات کا مطالبہ

بانڈز کے ذریعے حاصل رقم سرکاری اور نجی منصوبوں کی فنڈنگ میں استعمال ہوگی ۔ فوٹو : فائل

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بانڈ کے اجرا کے لیے حکومت سے ٹیکس استثنیٰ مانگ لیا۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی سیکٹر کے منصوبوں کے لیے ون ان بانڈز کی فروخت سے رقم حاصل کرنا چاہتا ہے تاہم اس کے لیے اس نے حکومت سے گزارش کی ہے کہ وہ ضابطوں میں نرمی کرکے اسے ان بانڈز کے اجرا کی اجازت دے، ساتھ ہی اے ڈی بی نے ان بانڈز پر ٹیکس سے استثنا بھی مانگا ہے۔


سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستانی مارکیٹ میں پاکستانی کرنسی کے حامل بانڈز کو فروخت کے لیے پیش کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنی خدمات کا دائرہ کار نجی شعبے تک پھیلاسکے اور نجی منصوبوں کے لیے بھی سرمایہ فراہم کرسکے۔ اے ڈی بی کے مطالبات منظور کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو اپنے ضابطوں اور قوانین میں نرمی یا تبدیلی کرنا ہوگی۔

اے ڈی بی کی جانب سے یہ مطالبہ گزشتہ دو برس سے کیا جارہا تھا اور اس ہفتے اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسط ایشیا اور مشرق وسطی ورنر لائیپیخ نے اس معاملے پر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر اعلی حکام کو مراسلے بھیجے ہیں۔اپنے ایک مراسلے میں اے ڈی بی نے دعوی کیا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر نے گزشتہ ماہ اے ڈی بی پی کے نائب صدر برائے فنانس اور رسک منیجمنٹ سے ملاقات کے دوران پاکستانی مارکیٹ میں اے ڈی بی پی کی جانب سے بانڈز متعارف کرانے کے منصوبے کی حمایت کی تھی۔
Load Next Story