پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے اپنے پروفیشنل کیریئر کی تیسری انٹرنیشنل فائٹ جیت لی، ورلڈ رینکنگ کی یہ فائٹ جیت کر ساتھ ہی انہوں نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی۔
ایکسپریس کے مطابق فلپائن کے شہر منیلا میں ہونے والی فائٹ میں گلگت سے تعلق رکھنے والے ایشین بوائے کے نام سے معروف عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے ٹاپ رینکنگ باکسر اتاپون بائن کھام کو ہرادیا، فائٹ ورلڈ چیمپئن مینی پاکیو کی پروموشن کے زیراہتمام منیلا میں کھیلی گئی۔
کامیابی کے بعد عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ اپنی تیسری ورلڈ رینکنگ فائٹ جیتنے پر بہت خوش ہوں، اپنی جیت پاک فوج کے شہدا کے نام کرتا ہوں، ملک کے دفاع و سالمیت کے لیے پاک فوج کی خدمات پر سلوٹ پیش کرتا ہوں، کامیابی کے لیے دعائیں کرنے پر پوری قوم کا شکر گزار ہوں، آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ ملک کو پہلا یوتھ ورلڈ ٹائٹل دلواں، بہت جلد اپنی اگلی فائٹ کا اعلان کروں گا۔