شامی افواج کا دمشق میں راکٹوں سے حملہ 8 افراد ہلاک متعدد زخمی

شامی افواج نے دارالحکومت دمشق کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لئے حملہ کیا، شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق

باغیوں کی جانب سے دارالحکومت دمشق کے متعدد علاقوں میں بشارالاسد کی حامی افواج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ رمی عبدالرحمٰن۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

شامی افواج کے دارالحکومت میں راکٹوں کے حملے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔


شام میں مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحما ن کا کہنا تھا کہ شامی افواج نے دارالحکومت دمشق کے جنوبی علاقے الحجر الاسود کے آبادی والے علاقے میں راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، حملے سے متعدد عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ رمی عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ شامی افواج نے دارالحکومت دمشق کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لئے حملہ کیا کیونکہ باغیوں کی جانب سے دارالحکومت کے متعدد علاقوں میں بشارالاسد کی حامی افواج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ شام میں گزشتہ 2 سال سے جاری خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ اندرون ملک اور بیرون ملک محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
Load Next Story