3 دن ترسا کر موسم کو شائقین پر رحم آنے لگا

راولپنڈی ٹیسٹ میں ابتدائی روزکے بعد اب آج پانچویں دن کھیل کاامکان، مداحوںکی محرومی کاکچھ مداوا ہو سکے گ

ٹیموں کو ہوٹل سے بلانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی، گراؤنڈ اسٹاف نے میدان کو خشک کرنے کیلیے سخت محنت جاری رکھی۔ فوٹو: ٹوئٹر

3دن ترسا کر موسم کو شائقین پر رحم آنے لگا، راولپنڈی ٹیسٹ میں ابتدائی روز کے بعد اب پانچویں دن کھیل کا امکان ہے.

10 سال طویل انتظار کے بعد پاکستان میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ پی سی بی کی غلط پلاننگ کی نذر ہوگیا، شائقین کو کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا زیادہ موقع نہیں مل سکا، پہلے روز بارش کی مداخلت اور خراب روشنی کے باعث68.1 اوورز کا کھیل ممکن ہوا جس میں سری لنکا نے 5 وکٹ پر 202رنز بنائے.

دوسرے روز گراؤنڈ اسٹاف کی سخت محنت کے باوجود صرف 18 اوورز اور2گیندیں پھینکی جا سکیں، آئی لینڈرز نے مزید ایک وکٹ گنواکر 61 رنز کا اضافہ کیا، تیسرے روز صرف 5.2 اوورز کرائے جاسکے جس میں سری لنکا نے مزید 19 رنز بناکر اپنا ٹوٹل 6وکٹ پر282 رنز تک پہنچایا، جمعے اور ہفتہ کی درمیانی شب مسلسل بارش جاری رہی، صبح بھی رم جھم ہوتی رہی۔

چوتھے روز کے آغاز پر ہی میدان کی حالت دیکھ کر اندازہ ہوگیا تھا کہ کھیل کرانا ممکن نہیں ہوگا، سیکیورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹیز پر مستعد رہے لیکن ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم تک لانے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی،امپائرز نے پہلی بار ساڑھے 11 اور دوسری مرتبہ 12 بجے کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد اعلان کردیا کہ چوتھے روز کھیل ممکن نہیں ہو سکے گا، دوسری طرف دوپہر کو گراؤنڈ اسٹاف سخت محنت میں مصروف رہا تاکہ پانچویں روز کیلیے میدان کو کھیلنے کے قابل بنایا جاسکے۔


سوپر سوپرز کا استعمال کرتے ہوئے پانی نکالا گیا، تھوڑے سے وقت کے لیے دھوپ نکلی تو کوررز بھی ہٹا دیے گئے، میدان کی حالت تھوڑی بہتر کرنے کے بعد دوبارہ اس کو ڈھانپ دیا گیا، اس دوران شائقین اسٹیڈیم کے اندر آتے اور مایوس ہو کر واپس جاتے رہے، آخر میں چند درجن نوجوان ہلہ گلہ کرتے نظر آئے،اتوار کو مطلع صاف رہنے کی پیش گوئی ہوئی ہے، صبح میدان کی حالت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

امکان یہی ظاہرکیا جا رہا ہے کہ کرکٹ کو ترسے شائقین کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ کر اپنی محرومی کا کچھ مداوا کر پائیں گے، 4 روز سے ناٹ آؤٹ دھننجیا ڈی سلوا87 اور دلروان پریرا 6 رنز بنا چکے ہیں،اگر سری لنکا نے اپنی اننگز ڈیکلیئرڈ نہ کی تو دھننجیا پانچویں دن بھی کریز پر آئیں گے، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عثمان شنواری کو تو بولنگ کا موقع مل گیا، پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو کیریئر کے اولین میچ میں عابد علی بھی ایکشن میں نظر آ سکتے ہیں۔

شائقین کے ساتھ یہ میچ پاکستان ٹیم کیلیے بھی مایوس کن ہے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے دونوں میچز میں شکست کھانے والے گرین کیپس ہوم گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم کو زیرکرکے 60 پوائنٹس کے ساتھ اپنا کھاتہ کھول سکتے تھے مگر اب دونوں ٹیموں کو 20، 20 پوائنٹس ملیں گے۔

یادرہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر سیریز کے لیے 120 پوائنٹس رکھے گئے ہیں، 2 ٹیسٹ ہوں تو ہر میچ 60، تین ہوں تو 40 پوائنٹس کا ہوتا ہے، جیت کی صورت میں مکمل، میچ ٹائی ہونے پر نصف اور ڈرا پر پوائنٹس کا تیسرا حصہ ملتا ہے۔

 
Load Next Story