پاکستانی کھلاڑی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لئے پرجوش

کراچی سے اچھی یادیں وابستی ہیں اور پاکستان کا ریکارڈ بھی شاندار ہے، کھلاڑیوں کا اظہار خیال


ویب ڈیسک December 16, 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی شہر قائد میں سری لنکا کے خلاف شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے لیے کراچی پہنچ چکی ہے جب کہ پاکستانی کھلاڑی بھی اس میچ کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی ٹیسٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کے تاثرات پر مشتمل ایک وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی ہے۔ جس میں کھلاڑیوں نے ماضی کے تجربات اور دوسرے ٹیسٹ کے حوالے سے نیک خواہشات کا اطہار کیا ہے۔



قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ کراچی میں پاکستان کا ریکارڈ انتہائی شاندار رہا ہے اور یہاں کھیلنا ہمارے لئے بہت بڑی خوشی کی بات ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی کرکٹ سے شائقین میں اس کھیل سے دلچسپی پیدا ہوتی تھی۔ اس اسٹیڈیم میں انہوں نے بڑے یادگار مقابلے دیکھے ہیں، 1996 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کا میچ انہوں نے اسٹیڈیم میں ہی دیکھا تھا، اس کے علاوہ ایک پاک بھارت سنسنی خیز ون ڈے میچ بھی اسٹیڈیم میں ہی دیکھا تھا جس میں بھارت کے اسپنر راجیش چوہان نے چھکا مار کر کھیل کا پانسہ پلٹ دیا تھا۔

اسد شفیق نے بتایا کہ انہوں نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک میچ دیکھا تھا جس میں محمد آصف نے سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کیا تھا، وہ اسپیل آج بھی یاد ہے، گراؤنڈ میں موجود شائقین بہت پرجوش تھے، خود ان کا گلہ نعرے لگانے کی وجہ سے بیٹھ گیا تھا۔

فواد عالم نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے بعد ہم نے پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا اور اب دوسرا میچ کراچی میں کھیلیں گے، یہ بات کراچی اور سندھ کے لوگوں کے لئے بڑی خوش آئند ہے، امید ہے شائقین گراؤنڈ میں آکر ہماری حوصلہ افزائی کریں گے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کہا کہ وہ گزشتہ 3 سال سے پی ایس ایل میں کراچی کنگز سے کھیلتے ہیں اور اب تو کراچی مجھے اپنا ہی شہر لگنے لگا ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ کراچی میں ہمارے کوشش ہوگی کہ اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی اچھی پرفارمنس دیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں