بلدیاتی انتخابات ضلع حیدرآباد کی نئی حلقہ بندیاں مکمل

ڈپٹی کمشنر نے فہرستیں آویزاں کر دیں، پہلے ہی روز8 سے زائد اعتراضات داخل


Numainda Express November 02, 2013
تعلقہ قاسم آباد کو میونسپل کمیٹی قاسم آباد کا درجہ دے کر 4 یونین کونسل کو ختم کر کے21 وارڈ بنائے گئے ہیں

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضلع میں نئی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر کے فہرستیں آویزاں کر دی ہیں، فہرستیں آویزاں کیے جانے کے پہلے ہی روز8 سے زائد اعتراضات داخل کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی حلقہ بندی آفیسر و ڈپٹی کمشنر نے 7 روز کی تاخیر سے ضلع بھر میں نئی حلقہ بندیوںکا کام مکمل کر کے فہرستیں شہباز بلڈنگ میں آویزاں کر دیں۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق ضلع کے 2 تعلقوں، سٹی حیدرآباد اور لطیف آباد کو حیدرآباد میونسپل کارپورشین کا درجہ دیا گیا، جس میں تعلقہ سٹی کی 20یونین کونسل کو 50 یونین کمیٹیوں میں تقسیم کیا گیا۔ تعلقہ لطیف آباد میں 17یونین کونسل ختم کر کے 44 یونین کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ ان تعلقوں میں ایک یونین کمیٹی کیلیے آبادی کی شرح 9سے 15 ہزار رکھی گئی ہے۔



تعلقہ قاسم آباد کو میونسپل کمیٹی قاسم آباد کا درجہ دے کر 4 یونین کونسل کو ختم کر کے21 وارڈ بنائے گئے ہیں، جس میں آبادی کی شرح 3 سے5 ہزار رکھی گئی ہے۔ ضلع کا چوتھا تعلقہ دیہی کو ضلع کونسل کا درجہ دے کر 11 یونین کونسل کی تعداد بڑھا کر 21 کردیا گیا ہے جب کہ تعلقہ دیہی میں شامل ٹنڈو جام کو میونسپل کمیٹی ٹنڈو جام کا درجہ دیا گیا ہے اور اس میں 7 کی جگہ 9 وارڈ بنا گئے ہیں۔ تعلقہ دیہی میں شامل ہوسڑی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دیا گیا ہے، جس میں 4 یونین کونسل کو ختم کر کے 5 وارڈ بنائے گئے۔ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے بنایا جانے والا اعتراض سیل بھی فعال ہوچکا ہے جس میں 8 سے زائد اعتراضات داخل کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں