بھتہ خوری میں ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی 2ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم کے صحت جرم سے انکار کرنے پر 16 نومبر کو استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا


Staff Reporter November 02, 2013
ملزم نے تاجر امین سے پندرہ لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا، پولیس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں بھتہ طلب کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھتہ خوری کے مقدمے میں ملوث ملزم فرحان سلیم پر فرد جرم عائد کردی، ملزم کے صحت جرم سے انکار کرنے پر 16 نومبر کو استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا، ملزم کے خلاف 15 مئی 2013 کو تھانہ بغدادی میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

ملزم نے تاجر امین سے پندرہ لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا، 50 ہزار روپے پر معاملات طے ہونے پر ملزم کو لی مارکیٹ کے علاقے سے بھتہ وصول کرتے ہوئے پولیس نے گرفتار کیا تھا، انسداد دہشت گردی کی ایک اور خصوصی عدالت نے بھتہ خوری کے الزام میں مفرور 2 ملزمان عبدالعزیز اور رستم کی دائر عبوری درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھجوادیا، ملزمان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے اور عدالت سے مقدمے میں عبوری ضمانت طلب کی جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ درخواست ضمانت معمول کے مطابق دیکھی جائیگی اور ملزمان تھانہ منگھوپیر میں درج ایف آئی آر 219/13 میں بھتہ خوری اور اقدام قتل میں مطلوب ہیں اور مقدمے کے چالان میںبھی ملزمان مفرور بتائے گئے لہذا یہ ملزمان ضمانت کے مستحق نہیں۔



اسی عدالت نے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے فرار ہونے والے ملزم رجب علی کو 5 نومبرتک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جمعہ کواینٹی وائلینٹ کرائم سیل نے ملزم کو عدالت کے روبرو پیش کیا ، واضح رہے کہ ملزم 2012 میں سلطان آباد میں واقع انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لاک اپ سے دیوار کود کر فرار ہوگیا تھا، ملزم کے خلاف اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج تھا، ملزم نے ملیر کے علاقے سے تاجر کو اغوا کرکے تاوان وصول کیا تھا، دریں اثناء ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے کمسن بچوں کو اغوا و زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں ملوث ملزمان شاکر ، شکیل اور ملزمہ سفینہ کے مقدمے کی سماعت ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کا بیان قلمبند کیا جائے گا، ملزمان نے اپنے پڑوسی مہروز خاں کے ڈیڑھ سالہ بچے کو اغوا کیا اور بد فعلی کرکے قتل کیا جبکہ 3 سالہ بہن کو بھی ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور نیم مردہ حالت میں پھینکنے جارہے تھے تو لوگوں نے پکڑ لیا ،ملزمان کے خلاف 21اپریل 2013 کو شاہ فیصل کالونی میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں