مودی کے ناپاک عزائم کیخلاف کل بھی کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں وزیر خارجہ

امیت شاہ اور دیگر بھارتی کابینہ کے خلاف امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی جائے، شاہ محمود قریشی کا مطالبہ


ویب ڈیسک December 16, 2019
عالمی برادری کو جیسا کردار ادا کرنا چاہئے تھا اس حساب سے اپنا کردار ادا نہیں کیا، وزیرخارجہ۔ فوٹو:فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم مودی کے ناپاک عزائم کے خلاف کل بھی کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کی شہریت ختم کی جا رہی ہے، بھارت کا شہریت ایکٹ مذہب کی بنیاد پر تفریق کرتا ہے، اقوام متحدہ کے اداروں نے بھی متنازع بل کو مسترد کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ متنازع بل کے خلاف پورے بھارت میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، اس احتجاج کو روکنے کے لیے بھارت نے ایک بار پھر جارحیت کا سہارا لیا اور مظاہروں کے دوران چھ لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں، گائے کا گوشت ملنے پر کئی مسلمانوں کو شہید کیا گیا، جامعہ ملیہ میں متعدد بچوں کی ٹانگیں توڑ دی گئیں، بہت سے ممالک نے بھارت کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، ہم بھی مودی کے ناپاک عزائم کے خلاف کل بھی کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت فی الفورامتیازی قانون کو واپس لے، آسام کے این آر سی کو فوری واپس لیا جائے اور 80 لاکھ معصوم کشمیریوں کو فوری رہا کرکے کرفیو ختم کیا جائے، جب کہ امیت شاہ اور دیگر بھارتی کابینہ کے خلاف امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ کل بھی کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں، ہم کہتے رہے کہ بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور پاکستان اس حوالے سے آگاہ کرتا رہا لیکن عالمی برادری کو جیسا کردار ادا کرنا چاہیے تھا اس حساب سے اپنا کردار ادا نہیں کیا، کشمیر میں تاحال کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، کشمیری قیادت کہتی ہے مودی نے ان کی پیٹھ میں چھرا گونپا۔

وزیر خارجہ نے ایوان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایوان متفقہ طور پر قائداعظم کی فہم فراست کو خراج تحسین پیش کرے، قائداعظم نے جو دو قومی نظریہ پیش کیا تھا آج کے اقدام نے ثابت کر دیا وہ درست تھا، ایوان یک زباں ہوکر ناپاک امتیازی قانون کو مسترد کرے اور ہندوستان میں گرفتار مسلمانوں کی رہائی کا مطالبہ کرے، واضح پیغام دیا جائے کے پاکستانی قوم مودی کے ان عزائم ے خلاف ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں