آخری ون ڈے بیٹسمینوں نے بولرز کی پٹائی کیلیے آستینیں چڑھالیں

سیریزمیں2887 رنز بن چکے، بھارتی ٹیم ایک بار پھر ہدف کے تعاقب کو ترجیح دے گی


Sports Desk November 02, 2013
اب تک سیریز کے5میچز میں2887رنز بنے ہیں، ایک مقابلہ مکمل طور پر بارش کی نذر ہوا ۔فوٹو:فائل

ST PETERSBURG: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا ساتواں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل ہفتے کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔

سیریز2-2 سے برابر اور فاتح کو ٹرافی بھی مل جائے گی، تاحال دونوں ٹیموں کے بولرز بے بسی کی تصویر بنے دکھائی دیے ہیں، اب ایک بار پھر بیٹسمینوں نے بولرز کی پٹائی کیلیے آستینیں چڑھا لیں، اب تک سیریز کے5میچز میں2887رنز بنے ہیں، ایک مقابلہ مکمل طور پر بارش کی نذر ہوا جبکہ ایک میں آسٹریلیا نے پورے اوورز کھیلے مگر موسم نے بھارت کو صرف 4.1اوورز بیٹنگ کا موقع دیا تھا، ورنہ یہ مجموعہ اور زیادہ ہو سکتا تھا۔ سیریز جیتنے کیلیے میزبان کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو اپنے بیٹنگ پاور ہائوس پر پورا اعتماد ہے، ناگپور میں بیٹسمینوں نے 351 کا ہدف باآسانی حاصل کیا، اس سے قبل میزبان سائیڈ جے پور میں بھی محض ایک وکٹ پر 360رنز بناکر میچ جیت چکی تھی، البتہ بولنگ کا شعبہ بدستور تشویش کا سبب بنا ہے، پیسرز بھونیشور کمار، شامی احمد اور جے دیو انکت اب تک غیرمعمولی پرفارم نہیں کر پائے، موہالی کے میچ میں ایک اوور میں 30 رنز کی پٹائی برداشت کرنے والے ایشانت شرماکو غلطی سدھارنے کا موقع مل سکتا ہے۔



دریں اثنا بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم ہدف کے تعاقب کو ترجیح دیں گے، انھیں بھی آئی سی سی کے نئے ون ڈے قواعد کھٹکنے لگے، نئے قانون کے تحت 30 گز کے دائرے میں اب ہر وقت مزید ایک اضافی فیلڈر رکھنا پڑتا ہے، کوہلی نے کہاکہ حکام کو اس کی جانب دیکھنا چاہیے یہ فیصلہ بولرز کیخلاف جارہا ہے، بیٹنگ کیلیے سازگار وکٹوں پر حریف کپتانوں اور بولرز کیلیے رنز روکنا مشکل ہو چکا، انھوں نے احتیاط پسندی اختیار کرتے ہوئے کہاکہ یہ آئی سی سی کا فیصلہ ہے، وہی ہمیں قواعد بناکر دیتی ہے، لہذا میں اس پر مزید رائے نہیں دے سکتا، بولرز کو نئے قانون کے تحت اس سیریز میں مشکل پیش آنے لگی لیکن ہمارے پاس کوئی اور چوائس نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں