سوچی اولمپکس روسی وزیر اعظم نے حفاظتی انتظامات کی ضمانت دیدی

حکومت اور سیکیورٹی سروسز اندیشوں پر قابو پا لیں گے، دمترے میڈیڈیو کو یقین

توقع ہے کہ فروری میں شیڈول مقابلوں کی لاگت 50 ملین ڈالر سے تجاوز کرجائیگی ۔ فوٹو: فائل

روسی وزیر اعظم نے سوچی اولمپکس کے دوران حفاظتی انتظامات کی ضمانت دے دی، میڈیڈیو کے مطابق گیمز کو یادگار بنانے کیلیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ روس نے شہر کے گرد کئی حفاظتی اقدامات کیے ، ہمارے ملک میں بہت سے خدشات پائے جاتے ہیں ، اس لیے ہر شخص ممکنہ طور پر سخت محنت کررہا ہے، اسپیشل فورسز کام کررہی ہیں اور حکومت اولمپک گیمزکے دوران سلامتی کی ضمانت دیتی ہے۔ میڈیڈیو نے کہاکہ گیمز کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کیلیے ہم کئی دوسرے فیصلے بھی کریں گے تاکہ انھیں ایک قابل دید اسپورٹنگ ایونٹ کے طور پر یاد رکھا جا سکے،البتہ انھوں نے ان اقدامات کا کوئی ذکر نہیں کیا۔




توقع ہے کہ فروری میں شیڈول مقابلوں کی لاگت 50 ملین ڈالر سے تجاوز کرجائیگی، یہ گیمز صدر ولادی میر پیوٹن کی ترجیح ہیں جو چاہتے ہیں کہ دنیا سوویت یونین کے ٹکڑے ہونے کے بعد گیمز کے ذریعے ان کے ملک کا جدید چہرہ دیکھ سکے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چیئرمین تھومس باخ نے رواں ہفتے سوچی کا دورہ کرنے کے بعد تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں یقین ہے کہ گیمز شاندار ہوں گے۔ سیکیورٹی سروسز نے شہر کے گرد ویڈیو کیمرے لگا دیے اور وینیوز پر نظر رکھنے کیلیے ڈرونز استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ میڈیڈیو نے کہاکہ سوچی میں اولمپکس کا ابتدائی آئیڈیا ہمارے لیے ناقابل عمل تھا لیکن ہمیں یقین دلایا گیا کہ گیمز کامیاب ہوں گے، اب مجھے بھی یقین ہے کہ انتہائی دلچسپ مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔
Load Next Story