’گلزار حسین‘ کے کردار پر اتنی محبتیں ملنے کا اندازہ نہیں تھا عدنان صمد

مجھے بچپن سے ہی اداکار بننے کا شوق تھا، عدنان صمد خان


ویب ڈیسک December 16, 2019
مجھے بچپن سے ہی اداکار بننے کا شوق تھا، عدنان صمد خان (فوٹو: فائل)

ڈرامہ سیریل 'عہد وفا' میں گلزار حسین کا کردار ادا کرنے والے اداکار عدنان صمد نے کہا ہے کہ مجھے یہ احساس تھا کہ میرے اس کردار کو صرف پنجاب بھر میں پسند کیا جائے گا لیکن یہ نہیں سوچا تھا کہ اس کردار کی وجہ سے مجھے پاکستان بھر سے لازوال محبتیں ملیں گی۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی اداکار بننے کا شوق تھا، میں ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کا رہنے والا ہوں اور ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی تاہم اداکاری کا شوق پورا کرنے کے لیے کراچی کا رخ کیا اور نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ ' ناپا ' سے گریجویٹ کیا۔


عدنان صمد نے یہ بھی کہا کہ مجھے عہدِ وفا ٹیم کی جانب سے اس کردار کی پیشکش کی گئی کیوں کہ انہیں اس کردار کے لیے سرائیکی اداکار کی ضرورت تھی لیکن جب میں نے یہ اسکرپٹ پڑھا تو مجھے بہت پسند آیا۔ شوٹنگ کرتے وقت مجھے یہ احساس تھا کہ میرے اس کردار کو صرف پنجاب بھر میں پسند کیا جائے گا لیکن یہ نہیں سوچا تھا کہ اس کردار کی وجہ سے مجھے پاکستان بھر سے لازوال محبتیں ملیں گی۔


اداکار نے یہ بھی کہا کہ اس ڈرامے کے باعث شائقین کی جانب سے ملنے والے رد عمل کی وجہ سے مجھے بہت آفرز ہو رہی ہیں لیکن اس وقت میں اپنی تمام تر توجہ اسی پروجیکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتا ہوں، کیوں کہ ابھی بھی ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے اس لیے دوسرا ڈرامہ شروع کرنے کے لیے حتمی وقت کا اعلان نہیں کرسکتا۔



واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے بنائے بنایا جانے والا ڈرامہ سیریل ' عہد وفا' ان دنوں شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس میں احد رضا میر ، اسامہ خالد، وہاج علی، فراز یحییٰ ، علیزے شاہ اور زارا نور عباس مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں