طالبان امریکی طرزعمل پر غور کریں اور حکومت سے مذاکرات کو کامیاب بنائیں غلام احمد بلور

طالبان نے بشیربلور کو شہید کرکے ہمارے ساتھ اچھا نہیں کیا لیکن پھر بھی ہمیں حکیم اللہ کی ہلاکت کادکھ ہے،غلام احمدبلور

حکیم اللہ محسود کی ہلاکت نے جہاں کئی سوالات کو جنم دیا ہے وہیں امریکا کی سوچ بھی واضح کردی ہے،رہنما عوامی نیشنل پارٹی ۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور کہتے ہیں کہ طالبان امریکی طرز عمل پر غور کریں اور حکومت سے مذاکرات کو کامیاب بنائیں۔



پشاور میں پیریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ طالبان نے ان کے بھائی اور اس وقت کے سینئیر صوبائی وزیر بشیربلور کو شہید کرکے ہمارے ساتھ اچھا نہیں کیا لیکن انہیں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کا دکھ ہے، حکیم اللہ محسود کی ہلاکت نے جہاں کئی سوالات کو جنم دیا ہے وہیں امریکا کی سوچ بھی واضح کردی ہے۔


غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ امریکا حکیم اللہ کو 2 ماہ پہلے بھی مار سکتا تھا لیکن مخصوص وقت پر حملہ سے اس کے ارادے واضح ہو گئے، حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوران ڈرون حملے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا خطہ اور ہماری دھرتی پر امن نہیں چاہتا، وہ یہاں سے واپس جانا نہیں چاہتا اور اپنی موجودگی کا جواز پیدا کرنے کے لئے وہ یہاں بد امنی چاہتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں جذباتی ہونے کی گنجائش نہیں، جو کچھ بھی ہواس کے باوجود امن مذاکرات ہونے چاہییں، مذاکرات نہ ہوئےتو یہ امریکاکی کامیابی ہو گی، طالبان تمام معاملات اور امریکی طرز عمل کو ٹھنڈے دل سے سوچیں اور حکومت سے مذاکرات کو کامیاب بنائیں۔


Load Next Story