راجن پور میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی گاڑی کی ٹکر سے 3 افراد جاں بحق

شیرعلی گورچانی کی گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا لیکن حادثے کے بعد بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ جائے وقوعہ سے چلے گئے

حادثہ شیر علی گورچانی کی گاڑی کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ فوٹو: فائل

انڈس ہائی وے پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی کی گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثہ انڈس ہائی وے پر اس وقت پیش آیا جب شیر علی گورچانی قافلے کی شکل میں راجن پور سے فاضل پور کی جانب جارہے تھے کہ انڈس ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث ان کی گاڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، شیر علی گورچانی کی سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا لیکن حادثے کے بعد انہوں نے انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کیا اورجائے وقوعہ پر رکنے کے بجائے وہاں سے چلے گئے جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا نے لاشوں کو انڈس ہائی وے پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے شیر علی گرچانی کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا جبکہ احتجاج کے باعث روڈ بھی بلاک ہوگیا۔
Load Next Story