عمران خان کو کوالالمپور اجلاس میں شرکت پر مجبور نہیں کرسکتے مہاتیر محمد

شاید عمران خان کو کچھ مسائل کا سامنا ہو اس لیے وہ شرکت نہیں کرسکے، ملائیشین وزیراعظم

شاید عمران خان کو کچھ مسائل کا سامنا ہو اس لیے وہ شرکت نہیں کرسکے، ملائیشین وزیراعظم فوٹو:فائل

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو کوالالمپور اجلاس میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کوالالمپور کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سمٹ میں شرکت نہ کرنے کی اپنی وجوہات ہیں، عمران خان کا فیصلہ ان کی مرضی ہے اور ہم انہیں شرکت کے لیے مجبور نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی مفادات کے خلاف کام نہیں کریں گے، پاکستان کی عرب قیادت کو یقین دہانی

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اسلام میں کوئی زور زبردستی نہیں، عمران خان شرکت نہیں کرسکے شاید انہیں کچھ اور مسائل کا سامنا ہو، اس سمٹ میں عالم اسلام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی جائے گی، کانفرنس میں 50 سے زیادہ ممالک کو مدعو کیا گیا ہے جن میں سربراہان مملکت بھی شامل ہیں۔


مہاتیر محمد نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں مذہب اسلام پر بحث نہیں کی جائے گی بلکہ امت مسلمہ پر بات ہوگی جو آج شدید دباؤ کا سامنا کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت سے معذرت

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کی سمٹ کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 20 ریاستوں کے رہنما جمع ہیں لیکن سعودی عرب اور پاکستان غیر حاضر ہیں۔ اجلاس میں عالمی سطح پر مسلم ریاستوں اور مسلمانوں کو درپیش بحرانوں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد اس بات کا کھلے عام اظہار کرچکے ہیں کہ او آئی سی مسلم امہ کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے نیا اتحاد او آئی سی کا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔

سعودی عرب نے اس سمٹ کے انعقاد پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا نیا اسلامی بلاک مسلم دنیا میں اس کے کردار کو کم کرسکتا ہے، اسی تناظر میں پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے سعودی عرب کے متعدد دورے کیے جس کے بعد اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story