چاہے حکومت چلی جائے خیبر پختونخوا سے نیٹو سپلائی نہیں گزرنے دیں گے عمران خان

ملک کی تمام اسمبلیوں سے قرار داد منظور کرائیں گے کہ ڈرون حملے بند نہ ہونے پر نیٹو سپلائی بند کی جائے، عمران خان

طالبان کی جانب سے صرف ڈرون حملے بند کرنے کی شرط رکھی گئی تھی، آج تمام جماعتیں اور پوری قوم ملک کو بچانے کےلئے متفق ہوجائے، عمران خان فوٹو؛ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے نیٹو سپلائی بند کرنے کی قرار داد منظور کرائیں گے اور اس کے بعد چاہے ہماری حکومت چلی جائے لیکن صوبے سے نیٹو سپلائی گزرنے نہیں دیں گے۔

لاہور میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی سے قرار داد منظور کرائیں گے کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں کئے جاتے اس وقت تک نیٹو سپلائی بحال نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے پشاور ہائی کورٹ نے بھی حکم دیا تھا کہ اگر ڈرون حملے بند نہ کئے جائیں تو انہیں گرا دیا جائے یا نیٹو سپلائی بند کردی جائے۔ ہم امن کی بات کرتے ہیں تو ہمیں طالبان کا حامی سمجھا جاتا ہے۔


عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تمام جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیاتھا کہ ہم اب 9 سال کی جنگ کے بعد امن چاہتے ہیں اور مذاکرات کے ذریعے امن قائم کریں گے لیکن بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کےلئے جن سے مذاکرات کرنا تھے انہیں ہی امریکا نے ڈرون حملےمیں ہلاک کردیا۔ انہوں نے کہاکہ جب تمام جماعتوں نے مذاکرات کا فیصلہ کیا تو پشاور میں ایک ہفتے میں 3 دھماکے کئے گئے جس میں بے قصور بچوں، عورتوں اور اقلیتی برادری کو نشانہ بنایا گیا۔ طالبان نے پشاور دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی جس سے واضح ہوگیا تھا کہ دھماکے کس نے کرائے اور کوئی چاہتا تھا کہ پاکستان میں امن قائم نہ ہو۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہاکہ طالبان کی جانب سے صرف ایک شرط رکھی گئی تھی کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں، آج تمام جماعتیں اور پوری قوم ملک کو بچانے کےلئے متفق ہوجائے، دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے ہزاروں معصوم شہری اورفوجی جوان شہید ہوئے جب کہ ہزاروں ہی کی تعداد میں معصوم شہری اورپاک فوج کے جوان معذورہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے قبائلی علاقوں کی 60 لاکھ افراد کی زندگیاں تباہ ہوگئی ہیں، خیبر پختونخوا میں 70 فیصد انڈسٹری بند اور کاروبار ختم ہوگیا، اس جنگ میں اب تک پاکستان کا 100 ارب ڈالرسے زائد کا نقصان ہوچا ہے۔
Load Next Story