تحریک طالبان پاکستان کے امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت بہت بڑا نقصان ہے افغان طالبان

پاکستانی عوام اور حکومت مزید کسی بھی ڈرون حملے کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں، افغان طالبان

گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں حکیم اللہ محسود اپنے بھائی، چچا، محافظ اور ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

افغان طالبان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملے میں ہلاکت کو بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ہے وہ مزید کسی بھی ڈرون حملے کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔


غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان طالبان نے اپنے بیان میں ڈرون حملے کو امریکی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ حکیم اللہ محسود کی "شہادت" ایک بہت بڑا نقصان ہے، ہم پاکستانی عوام اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکا کی جانب سے اس قسم کے ظالمانہ حملوں کو روکنے کے لئے بھرپور کوشش کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں حکیم اللہ محسود اپنے بھائی، چچا، محافظ اور ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے تھے، امریکا کی جانب سے 2009 میں ڈرون حملے میں بیت اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد طالبان کے امیر بننے والے حکیم اللہ محسود کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
Load Next Story