بھارت نے فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کو 57 رنز سے شکست دے دی

روہت شرما نے 209 رنز کی شانداراننگ میں 16 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔


ویب ڈیسک November 02, 2013
روہت شرما کو شاندار بلے بازی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ بی سی سی آئی

ISLAMABAD: بھارت نے 7میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد57 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-3 سے اپنے نام کر لی۔

بھارتی شہر بنگلور کے ایم چنا سوامی گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو کھیلنے کی دعوت دی اور بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں اوپنر روہت شرما کی دھواں دار ڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا کو 384 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ روہت شرما نے 209 رنز کی اننگ میں 16 چھکے اور 12 چوکے لگائے، روہت شرما کے علاوہ کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے بھی 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جب کہ شیکر دھوون نے 60 اور سریش رائنا نے 28 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایگزیویور ڈوہٹری نے 2 جبکہ جیمز فالکنر اور کلنٹ میکے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

384 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے کھلاڑی اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 70 کے مجموعے پر آسٹریلیا کے 4 کھلاڑی آوٹ ہو کر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن جیمز فالکنر، گلین میکس ویل اور شین واٹسن نے شاندار اننگز کھیل کر میچ میں دوبارہ سے جان ڈال دی۔ جیمز فالکنر نے 116 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ گلین میکس ویل نے 60، شین واٹسن نے 49 اور بریڈ ہیڈن نے 40 رنز بنائے اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 226 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے محمد شمی اور رویندرا جڈیجا نے 3،3 جبکہ روی چندرن ایشون نے 2 اور ونے کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں مجموعی طور پر 38 چھکوں کا عالمی ریکارڈ بھی بنا۔

روہت شرما کو شاندار بلے بازی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں