پاکستان اور سری لنکا ٹیسٹ میچ کیلیے ہائی سیکیورٹی پلان

3 ہزار 600 پولیس افسران و اہلکارڈیوٹی دینگے، 34 ایس ایس پیز و ایس پیز ، 69 ڈی ایس پیز اور لیڈی پولیس بھی شامل


Sports Reporter/staff Reporter December 19, 2019
175 پولیس موبائلز اور 3 جیمرز گاڑیوں سمیت 209 گاڑیاں، 41 موٹر سائیکلیں اور گھڑ سوار دستہ بھی الرٹ رہے گا

KARACHI: کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی ہدایت پر پولیس نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج سے شروع ہونے والے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی۔

ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج سے نیشنل اسٹیدیم میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کی سیکیورٹی کے پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق میچ کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 3 ہزار 647 پولیس افسران و اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے جس میں 34 ایس ایس پی و ایس پیز ، 69 ڈی ایس پیز ، 559 سب انسپکٹرز و اسسٹنٹ سب انسپکٹرز ، 2 ہزار 907 ہیڈ کانسٹیبلز و کانسٹیبلز ، 66 لیڈی پولیس اسٹاف جبکہ 12 اہلکاروں پر مشتمل گھڑ سوار دستہ بھی شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق میچ کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 175 پولیس موبائلز ، 3 جیمرز گاڑیاں ، 11 بکتر بند ، 14 بسیں و ٹرک اور 6 ریوو گاڑیاں شامل ہیں ، پاکستان اور سری لنکا کے ٹیسٹ میچ کے موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے پہلے ہی متبادل راستوں کا اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم اور سری لنکن ٹیم کی رہائشی ہوٹلوں کے اطراف سیکیورٹی کے فل پروف اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں نئی سائیڈ اسکرین نصب، صفائی مکمل کرلی گئی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا، 10 برس کے بعدکراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے لیے اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز میں نشستوں کی صفائی کی گئی ، نئی سائیڈ اسکرین بھی نصب کردی گئی، مرکزی عمارت میں بھی کام مکمل ہوگیا،وی آئی پی باکسز کی بھی حالت کو بہتر کر دیا گیا،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت صفائی اور ستھرائی کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر فن کاروں کا اظہار مسرت

پی سی بی کے سابق رکن گورننگ بورڈ پروفیسر اعجاز فاروقی نے امید طاہر کی ہے کہ کراچی ٹیسٹ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا،کرکٹ کے دلدادہ اس مقابلے سے بھر پور انداز میں لطف اندوز ہوں گے، فنکاروں محمد علی شہکی، محمد افراہیم اور امجد رانا نے دس برس کے بعد کراچی میں ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر باعث خوشی ہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی کی رونق بحال ہو رہی ہے۔

ٹیسٹ مقابلے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نشر کیا جائے گا

کراچی ٹیسٹ کی براہ راست نشریات کے لیے غیر ملکی براڈکاسٹرز کا سامان کراچی پورٹ سے کلیرنس کے بعد اسٹیڈیم پہنچا دیا گیا، ٹیسٹ مقابلے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نشر کیا جائے گا۔

کرکٹ ٹیموں کوصدر مملکت کے مساوی سیکیورٹی فراہم

کراچی ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کو آمد ورفت اور قیام کے دوران صدر مملکت کے مساوی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی،کراچی ٹیسٹ کے لیے پی سی بی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو لانے اور لے جانے کے لیے چار نئی بلٹ پروف بسیں تیار کرائی ہیں،کسی ہنگامی صورتحال میں جدید ترین آلات سے لیس ان بسوں میں ایمرجنسی اخراجی راستہ بھی بنایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں کراچی میں تعینات افغانستان کے قونصل جنرل رحمت اللہ قطرہ نے کراچی میں دس برس کے بعد ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ہے،انھوں نے کہا کہ کراچی شہر ایک خوبصورت شہر ہے جو اب امن کا گہوارہ بن کر ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں