مفتی رفیع عثمانی سمیت جید علمائے اکرام نے نیٹوسپلائی بند اور ڈرون مار گرانے کا مطالبہ کردیا

امریکا ہر قیمت پر پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے، حالیہ ڈرون حملہ امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، علمائے اکرام


ویب ڈیسک November 02, 2013
امریکی ڈرون حملہ پاکستان کے خلاف دشمنی کا بدترین مظہر ہے. فوٹو: فائل

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد ملک کے جید علمائے اکرام نے امریکی شرانگیزی پر نیٹو سپلائی بند، ڈرون مار گرانے اور امریکا کے ساتھ ہر قسم کا تعاون ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا سلیم اللہ خان، صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مفتی محمد رفیع عثمانی، مہتمم جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن مولانا ڈاکٹرعبدالرزاق سکندر، نائب صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ امریکا کی شر انگیزی پر رسمی احتجاج کے بجائے نیٹو سپلائی بند کی جائے، ڈرون حملہ پاکستان کے خلاف دشمنی کا بدترین مظہر ہے اور امریکی ڈرون حملوں کی دہشتگردی سالہا سال سے جاری ہے۔ علما کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ہر قیمت پر پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے اور حالیہ ڈرون حملہ امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود اپنے ڈرائیور اور گارڈ کے ہمراہ ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد سے ملک بھر میں امریکا کے اس عمل کو پاکستان کے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں