وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی نظرثانی درخواست خارج

توہین عدالت صرف اس فرد اورعدالت کے درمیان ہوتی ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ


ویب ڈیسک December 19, 2019
عمران خان کو توہین عدالت قانون کے تحت سزا سنائی جائے، درخواست گزار: فوٹو: فائل

ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی نظرثانی درخواست خارج کردی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی نہ کرنے کے فیصلے پرنظرثانی درخواست کے خلاف سماعت کی۔

درخواست گزارنے موقف اختیارکیا کہ عمران خان نے اپنی تقریرسے عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، توہین عدالت کا الزام وزیراعظم کی تقریرکے متن سے واضح ہے، عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ کی تضحیک کی اورمذاق اُڑایا، عمران خان کو توہین عدالت قانون کے تحت سزا سنائی جائے۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ توہین عدالت صرف اس فرد اورعدالت کے درمیان ہوتی ہے، جوکوئی کچھ کہہ رہا ہے اسے کہنے دیں، منتخب نمائندوں کوکیوں گھسیٹا جائے؟ عمران خان کو عوام نے منتخب کیا ، ہمیں عوام کا احترام ہے، ہم کسی فردِ واحد کو نہیں، اسے منتخب کرنے والے عوام کو دیکھتے ہیں۔ یہ عدالت ہمیشہ منتخب عوامی نمائندوں سے متعلق حکم جاری کرنے میں احتیاط سے کام لیتی ہے۔

عدالت نے وزیراعظم کی عدلیہ کے خلاف متنازع تقریرپرتوہین عدالت کی کارروائی کے لیے نظرثانی درخواست خارج کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں