پرویز مشرف فیصلے کے الفاظ انسانیت مذہب تہذیب و اقدار سے بالاتر ہیں ترجمان پاک فوج

ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، ترجمان پاک فوج

ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، ترجمان پاک فوج (فوٹو: فائل)

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کیس کے تفصیلی فیصلے کے الفاظ انسانیت، مذہب، تہذیب اور کسی بھی اقدار سے بالاتر ہیں، فیصلےسے وہ خدشات درست ثابت ہوگئے جن کا پہلے اظہار کیا تھا۔

خدشات درست ثابت

پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کیس کے حوالے سے کچھ دیرپہلےآرمی چیف کی وزیراعظم سے تفصیلی بات ہوئی ہے، پرویز مشرف کیس کے تفصیلی فیصلےسے وہ خدشات درست ثابت ہوگئے جن کا پہلے اظہار کیا تھا، یہ فیصلہ اور بالخصوص اس میں استعمال کیے گئے الفاظ انسانیت، مذہب، تہذیب اور کسی بھی اقدار سے بالاتر ہیں۔

جوابی اقدام تیار ہے

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چند لوگ اندرونی اور بیرونی حملوں سے ہمیں اشتعال دلاتے ہوئے آپس میں لڑانا چاہتے ہیں اور پاکستان کو شکست دینے کے خواب دیکھ رہے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا، ہمارا جوابی اقدام تیار ہے۔

دشمن کے موجودہ منصوبے کا مقابلہ کریں گے

میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کے موجودہ ڈیزائن (منصوبے) کا مقابلہ کریں گے، اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو ناکام کریں گے، فوج ادارہ نہیں بلکہ خاندان ہے، ادارے کی عزت اور وقار کا بہت اچھی طرح دفاع کرنا جانتے ہیں، اگر ملک کو ادارے کی قربانی، کارکردگی اور یکجہتی کی ضرورت ہو تو دشمن کی چال (ڈیزائن) میں آکر ان چیزوں کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ

ادارے کی عزت کراناجانتے ہیں

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے استحکام کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، اس استحکام کو ہم کسی بھی صورت ریورس نہیں ہونے دینگے، ہم ملک کا دفاع اور ادارے کی عزت کرانا جانتے ہیں، ایسا کام دنیا کی کوئی فوج نہیں کرسکی ہم نے وہ بھی کرکے دکھایا، جہاں دشمن ہمیں داخلی طور پر کمزورکرتے رہے اب بیرونی طرف سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، اگرہمیں تھریٹ کاپتہ ہےتوہمارا رسپانس بھی ان پلیس ہے۔

اندرونی و بیرونی دشمنوں کو بھرپور جواب

میجرجنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ فوج اور حکومت پچھلےچند برس سے ملک کو اس طرف لے جانا چاہتی ہےجہاں خطرات ختم ہوئے، عوام افواج پاکستان پر اعتماد رکھیں ہم ملک میں کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے، اندرونی اور بیرونی جتنے بھی دشمن ہیں، ان کے جو آلہ کار اور سہولت کار ہیں، انہیں بھرپور جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے سنگین غداری کیس میں فیصلے پر پہلے ہی شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔

 
Load Next Story