اُف یہ کیا خطا ہو گئی بولی وڈ اسٹارز کی فلمی غلطیاں

غلطیاں انسان کے سدھار کے لئے ہوتی ہیں۔ ایسا نہیںہوتا کہ کسی بھی کام میں پے در پے غلطی کرکے خود کو نا اہل ثابت کرے۔


نرگس ارشد رضا November 03, 2013
عام افراد تو ایک طرف شوبز کے بڑے بڑے نام بھی اپنے کیریر میں کئی فاش غلطیاں کر گزرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

کہا جاتا ہے کہ انسان خطا کا پُتلا ہوتا ہے اور کسی حد تک یہ بات درست بھی ہے کہ انسان جب تک غلطی نہیں کرے گا اس سے سبق کیسے حاصل کرے گا۔

غلطیاں انسان کے سدھار کے لیے ہوتی ہیں۔ ایسا نہیںہوتا کہ کسی بھی کام میں پے در پے غلطی کرکے خود کو نا اہل ثابت کرے بلکہ ہونا یہ چاہیے کہ وہ اپنی غلطیوں کو سامنے رکھ کر اگلا قدم نہایت سمجھ داری اور دور اندیشی سے اٹھائے کہ اس کے بعد غلطی کی گنجائش نہ رہے۔

عام افراد تو ایک طرف شوبز کے بڑے بڑے نام بھی اپنے کیریر میں کئی فاش غلطیاں کر گزرتے ہیں کچھ اپنی نجی زندگی کے حوالے سے اور کچھ اپنے پروفیشن کے حوالے سے۔ اور سب سے مزے کی بات تو یہ ہے کہ ان میں سے کئی ان غلطیوں کو دہراتے بھی رہتے ہیں۔ بولی وڈ کے ٹاپ کے اداکاروں نے اپنے کیریر میں کچھ فلموں میں کام کر کے غلطی کی تو کچھ نے کچھ فلمیں نہ کرکے انہوں نے اپنے کیریر کی سب سے بڑی غلطی کی۔

امیتابھ بچن
بگ بی کو بولی وڈ میں جو مقام اور شہرت حاصل ہوئی وہ بہت کم لوگوں کا مقدر بنتی ہے۔ چار دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے امیتابھ بچن نے بھی اپنے کیریر میں کئی فنی غلطیاں کیں۔ لیکن ان کی شہرت اور مقبولیت نے ان غلطیوں کو دھندلا دیا اور اس سے نے کیریر پر کوئی خاص اثر بھی نہ پڑا لیکن ان کے پورے فلمی دور ایک غلط فیصلہ ان کو آج بھی افسوس میں مبتلا کر دیتا ہے اور وہ فیصلہ فلم عجوبہ کرنے کا تھا۔ فلم انڈسٹری میں سب ہی جانتے ہیں کہ ششی کپور کا شمار بگ بی کے خاص الخاص دوستوں میں ہوتا تھا۔

ششی کپور نے بہ حیثیت ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم عجوبہ بنانے کا ارادہ کیا تو ان کی اولین خواہش تھی۔ فلم میں مرکزی رول امیتابھ بچن کریں اس لیے جب انہوں نے اپنے اس خیال اور ارادے کا ذکر بگ بی سے کیا، تو وہ فلم کی کہانی اور اپنے کردار سے مطمئن ہوئے بغیر اس میں کام کرنے کو تیار ہو گئے کیونکہ ان کا مطمع نظر صرف دوستی نبھانا تھی۔ یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی۔ اس سے بگ بی کے کیریر کو دھچکا تو شدید لگا لیکن انہوں نے حق دوستی ادا کردیا۔



بگ بی نے جہا ں دوستی کی خاطر فلاپ فلم عجوبہ میں کام کیا وہا ں ان کے پا س ایک بہترین آفر فلم مسٹر انڈیا کی بھی موجود تھی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر شیکھر کپور نے اس فلم کا اسکرپٹ امیتابھ بچن کو ہی ذہن میں رکھ کر لکھا تھا۔ ان دنوں بگ بی کے کیریر کا ڈاؤن فال شروع ہوچکا تھا اور اپنے فلم کیریر کو دوبارہ سے گروم کرنے کے لیے یہ ان کے لیے بہترین آفر تھی۔

جب شیکھر کپور مسٹر انڈیا کی آفر لے کر بگ بی کے پاس آئے تو انہو ں نے ایک ایسی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا، جس کا ہیرو اسکرین پر زیادہ تر وقت غائب ہی رہتا ہے۔ بعد میں یہ آفر انیل کپور کو ہوئی اور سب ہی جانتے ہیں کہ اس فلم نے تاریخ ساز کام یابی حاصل کی۔ اس کے ہالی وڈ کے اشتراک سے بنائے جانے والی فلم سلم ڈاگ میلینیر کی آفر بھی سب سے پہلے بگ بی کو کی گئی، لیکن اس کے لیے بھی انہوں نے معذرت کر لی بعد ازاں اس میں انیل کپور نے کام کیا اور باکس آفس پر یہ فلم ہٹ ثابت ہوئی اور آسکر کے لئے بھی نام زد ہوئی۔

شاہ رخ خان
کنگ خان سے بولی وڈ میں شہرت حاصل کرنے والے شاہ رخ خان اس وقت انڈسٹری کے نمبر ون اداکار مانے جاتے ہیں، لیکن ظاہر ہے کہ اتنے کامیاب اور ہموار فلمی کیریر میں ان سے بھی کئی غلطیاں ہوئیں۔ 1995میں جب چند فلموں جیسے بازی گر، ڈر، کبھی ہاں کبھی نہ، انجام اور کرن ارجن کی کام یابی کے ساتھ بلکل ٹھیک ٹھاک چل رہا تھا اور وہ آہستہ آہستہ نمبر ون کی دوڑ میں شامل ہورہے تھے۔ تب ہی شاہ رخ نے روینہ ٹنڈن کے ساتھ فلم زمانہ دیوانہ کی اپنے سے عمر میں کافی حد تک بڑی اس اداکارہ کے ساتھ شاہ رخ نے کام کر کے اپنے کیریر کی سب سے بڑی غلطی کی اس کے پرستاروں کے ساتھ ساتھ اس کے چند خیر خواہوں نے بھی شاہ رخ کی اس غلطی کا احساس دلایا۔ اس وقت سے لے کر اب تک کنگ خان اپنی ہر فلم میں ہیروئن کا انتخاب انتہائی سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔

یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں ہے کہ بولی وڈ کی بلاک بسٹر فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کے لیے سب سے پہلے شاہ رخ کو آفر ہوئی تھی، جب کہ سنجے دت کو ظہیر کے رول کے لیے منتخب کیا گیا تھا جو کہ بعد میں جمی شیر گل نے کیا شاہ رخ فلم کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے تھے، کیوں کہ انہیں خوف تھا کہ ایک کم تجربے کار ڈائریکٹر کے ساتھ کام کر کے ان کی ساکھ پر اثر پڑے گا۔ اس لیے ڈیٹس نہ ہونے کا بہانہ بناکر کنگ خان اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

بعدازاں یہ رول سنجے دت نے کیا اور فلم کی سپرکام یابی کے بعد انہیں ہر جگہ منا بھائی ہی کیا جانے لگا۔ شاہ رخ خان کو پروڈیوسر، ڈائریکٹر اشوتوش گواریکر کی آسکر کے لیے نام زد ہونے والی فلم لگان میں عامر خان کے بھاوون کے رول کے لیے بھی آفر ہوئی تھی، لیکن، کیوںکہ یہ عامر خان کی فلم تھی اس لیے شاہ رخ کان نے انکار کر دیا بعدازاں بھاوون کا رول عامر نے خود کیا۔

عامر خان
یش راج بینر کی فلم ڈر کے لیے پہلے عامر خان کو آفر کی گئی تھی وہ فلم میں ایک بگڑے ہوئے نوجوان کا کردار کرکے اپنا چاکلیٹی ہیرو کا امیج خراب نہیں کرنا چاہتے تھے۔ اسی لیے عامر نے فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد یہ رول شاہ رخ خان نے کیا اور اس فلم کی ہی ریکارڈ توڑ کام یابی نے شاہ رخ خان کو کنگ خان بنادیا۔ شاہ رخ نے یش راج کیمپ میں شامل ہو کر کئی ہٹ فلمیں دیں جیسے دل تو پاگل ہے، دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور محبتیں وغیرہ۔

سلمان خان
بولی وڈ کے اس اگلے سپر اسٹار نے اپنے پورے کیریر میں بے شمار غلطیاں کیں عام زندگی میں بھی اور فلمی دنیا میں بھی۔ لیکن کیریر کے حوالے سے ان سے سب بڑی بھول یہ ہوئی جب اس نے 1992میں اداکارہ امرتا سنگھ اور شیبا کے ساتھ فلم سوریا ونشم کی۔ حالاںکہ اس وقت بھی سلمان کے کریڈٹ پر اچھی خاصی کام یاب فلمیں جیسے صنم بے وفا، پتھر کے پھول، ساجن اور لو تھیں۔ لیکن شاید یہ سب رومانوی فلمیں کرنے کے بعد سلمان نے سوریا ونشم کی آفر اس لیے قبول کی کہ اس طرح وہ اپنا ایک الگ امیج بنا پائیں گے۔



گولڈن لمبے بالوں کے ساتھ ایک جنگجو ہیرو کے طور اس فلم میں کام کرنے والے سلمان خان کو آڈیننس نے بلکل مسترد کردیا اور محض چند ہفتوں کی نمائش کے بعد سوریا ونشم سنیماؤں سے غائب ہو گئی۔ عباس مستان نے جب فلم بازیگر بنانے کا اعلان کیا تو فلم کے مرکزی رول کے لیے ان کے پاس سلمان خان سے بہتر کوئی دوسری چوائس نہ تھی۔

اس لیے جب سلو بھائی کو اس کی آفر کی گئی تو ان کو بھی اسکرپٹ بہت پسند آیا، لیکن سلمان کے والد سلمان کے کردار میں کچھ تبدیلی چاہتے تھے جو ڈائریکٹر عباس مستان کو منظور نہ تھی یوں سلمان نے اس میں کام کرنے سے انکار کردیا اس طرح یہ فلم اس وقت کے ٹی وی اسٹار شاہ رخ خان نے کی اور ان کو راتوں رات کام یاب ہیرو بنا دیا۔ یہ ہی نہیں اس کے بعد شاہ رخ کی فلم چک دے انڈیا کے لیے بھی سلمان کو آفر ہوئی جو انہوں نے ڈیٹس کا بہانہ بنا کر منع کر دی۔

ریتھک روشن
ریتھک روشن نے اپنے کیریر کا آغاز سپر سپر ہٹ فلم کہو نا پیار ہے سے کیا تھا اس فلم کی بے پناہ کام یابی کے بعد اس بولی وڈ کا اگلا سپر اسٹار کہا جانے لگا اور اس کی اگلی فلم فضہ اور کبھی خوشی کبھی غم کی کام یابی نے یہ بات ثابت بھی کی ریتھک کا کیریر بالکل صحیح چل رہا تھا اور وہ فلموں کا انتخاب بھی سوچ سمجھ کر کر رہا تھا کہ اچانک اس نے امیشا پاٹل کے ساتھ فلم آپ مجھے اچھے لگنے لگے ہیں۔

کی یہ فلم اتنی بری طرح سے فلاپ ہوئی کہ خود ریتھک کو بھی اس غلطی کا احساس ہوا ہوگا۔ ریتھک روشن نے فلم بنٹی اور ببلی کی آفر اس لئے مسترد کر دی تھی کیوں کہ اس وقت وہ اپنی ہوم پروڈکشن فلم کوئی مل گیا۔ میں مصروف تھے لیکن بعد میں انہیں فلم رنگ دے بسنتی میں سدھارتھ کے رول کے لیے آفر ہوئی ریتھک نے اس کے لیے بھی انکار کیا، کیوں کہ وہ اس فلم میں عامرخان والا کردار کرنا چاہتے تھے۔ اس کے بعد ان کو اشوتوش گواریکر کی فلم سوادیش کے لیے بھی اپروچ کیا لیکن ریتھک نے معذرت کرلی بعد میں یہ کردار شاہ رخ خان نے کیا۔

رنبیر کپور
کپور خاندان کا یہ ہونہار سپوت بلاشبہہ کپور فیملی کا صحیح جا نشین ثابت ہو رہا ہے۔ اپنی پہلی ایوارڈ وننگ فلم سانوریا سے ہٹ ہونے والے رنبیر نے کم عرصے میں بولی وڈ کے سپر اسٹارز میں اپنی جگہ بنائی اور اپنے پاپا رشی کپور کی طرح خود کو نئی نسل کا چاکلیٹی ہیرو ثابت کیا ۔ لیکن اپنا اسٹار ڈم قائم رکھنے کے لیے مناسب اور صحیح فلموں کا انتخاب نہایت ضروری ہے۔

برفی، یہ جوانی ہے دیوانی، راک اسٹار، عجب پریم کی گجب کہانی جیسی سپر ہٹ فلمیں کرنے کے بعد رنبیر نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی ڈائریکٹر انو راگ کیشپ کی فلم بے شرم میں کام کیا، اس میں رنبیر کے مقابل نئی اداکارہ پلوی شردھا نے کام کیا۔ دو اکتوبر کو ریلیز ہونے والی رنبیر کی یہ فلم صرف چار دنوں میں سپر فلاپ کے ٹائٹل کے ساتھ سنیماؤں سے اترگئی۔ اس کے بعد رنبیر کو احساس ہوا کہ کیریر کو بلندیوں پر لے جانے کے لیے سوچ سمجھ کر فلموں کا انتخاب کرنا ہوگا، ورنہ اس کا اسٹار ڈم اور چاکلیٹی ہیرو کا امیج خطرے میں پڑجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں