حکیم اللہ محسود کی تدفین جانشین کا انتخاب نہ ہو سکا بدلہ لیں گے طالبان کمانڈرز

نماز جنازہ مقررہ وقت سے پہلے ہی ادا،تدفین کے وقت ڈرون طیاروں پرشدیدفائرنگ،نئے سربراہ کیلیے خالدسجنا کے نام پرتحفظات

ہمارے ساتھ ٹوپی ڈرامہ چل رہاہے،ہم حملے نہیں روکیں گے بلکہ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔طالبان کمانڈرز۔ فوٹو : فائل

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیرحکیم اللہ محسودکی نمازجنازہ فجر کی نماز کے بعداداکرکے انھیں نامعلوم مقام پرسپردخاک کردیاگیا۔

نمازجنازہ میں طالبان رہنماؤں اوربڑی تعداد میں علاقے کے لوگوں نے شرکت کی،عالمی میڈیاکی رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کالعدم تحریک طالبان کے امیرحکیم اللہ محسود،ان کے چچا، ڈرائیور اوردیگرساتھیوں کی تدفین رات گئے نامعلوم مقام پرکردی گئی۔حکیم اللہ محسودکی ہلاکت کے بعدمشتعل قبائلوں نے شدیدردعمل کااظہار کرتے ہوئے تدفین کے وقت پروازکرنے والے ڈرونز پرایک گھنٹے تک فائرنگ کی تاہم ڈرون طیارے انتہائی بلندی پرپروازکے باعث نشانہ نہ بن سکے۔

ڈرون حملے کے خدشے کے پیش نظر حکیم اللہ محسود کاجنازہ اعلان شدہ پروگرام سے پہلے پڑھایاگیا،حکیم اللہ محسودکی نمازجنازہ کے لیے ہفتے کو3بجے جنازے کااعلان کیاگیا تھاتاہم نمازجنازہ نماز فجر کے فوری بعداداکرکے ان کی تدفین کردی گئی،شمالی اورجنوبی وزیرستان کے علاوہ دیگرقبائلی علاقوں سے بڑی تعداد میں قبائلی عمائدین کے وفودہفتے کو شمالی وزیرستان میں پہنچے اور حکیم اللہ محسود کے اہلخانہ اور محسود قبائل کے عمائدین سے تعزیت کرکے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔دریں اثناطالبان شوریٰ نے جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے شہریارمحسودکوتحریک طالبان کانیاعبوری سربراہ مقررکردیا۔

جبکہ آئندہ ایک سے 2ہفتوں کے اندر امیرکا اعلان کر دیا جائیگا،اس ضمن میں گزشتہ روز اورکزئی، مہمند،سوات، کرم،پنجابی اور غیرملکی طالبان، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے طالبان رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 100کے قریب رہنماؤں نے شرکت کی تاہم اجلاس میں مستقبل کے امیر کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ذارئع کے مطابق بعض اہم طالبان رہنماؤں نے خان سیدعرف سجنا کے نام پر تحفظات کا اظہارکیاجس کے بعد ان کے امیر بننے کے مواقع بہت کم ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ سجنا پرکراچی میں تحریک طالبان کے اہم رہنماکے قتل کا الزام بھی ہے۔


تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی،تحریک طالبان سوات کے امیر مولوی فضل اللہ ٹی ٹی پی کے امیرکیلیے مضبوط امیدوارہیں تاہم انھیں القاعدہ سمیت پنجابی طالبان اورحقانی نیٹ ورک کی حمایت درکار ہوگی، ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان اورجنوبی وزیرستان کے کمانڈر اعظم طارق نے آئندہ چند دنوں کے اندر نئے امیر کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔طالبان کمانڈر مولانا امیر نواز وزیر نے کہاہے کہ حکیم اللہ محسودکی ہلاکت امریکا کومہنگی پڑے گی،امریکا سے ان کے خون کے ایک ایک قطرے کاانتقام لیاجائیگا،امریکااور اس کے حواری پاک طالبان مذکرات ناکام بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔



مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جب طالبان نے مذاکرات پر آمادگی کااظہار کیا تو امریکانے ڈرون حملے کے ذریعے مجاہدین کمانڈرکو نشانہ بنایا،ڈرون حملے مجاہدین کوختم ہونے کے بجائے مزیدجنم دیتے ہیں، امریکااوران کے حواریوں کوظلم اوربربریت مہنگی پڑے گی،طالبان مسلمانوں کے تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں۔آئی این پی نے امریکی اخبارنیویارک ٹائمزکی رپورٹ کے حوالے سے بتایاہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے شمالی وزیرستان میں کمانڈر ابو عمرنے کہاہے کہ حکومت پاکستان حالیہ ڈرون حملوں میں پوری طرح ملوث اورذمے دارہے اورہم اپنے دشمن کواچھی طرح جانتے ہیں اوراس حملے کامثالی انتقام لیں گے جبکہ تحریک طالبان پاکستان جنوبی وزیرستان کے ترجمان اعظم طارق نے کہاکہ مذاکرات کے نام پرپہلے تحریک کے رہنماولی الرحمان کواوراب حکیم اللہ کوماراگیا،ہمارے ساتھ ٹوپی ڈرامہ چل رہاہے،ہم حملے نہیں روکیں گے بلکہ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

انھوں نے کہاکہ ا مریکااوراس کے حامی خوش نہ ہوں،ہم سخت انتقام لیں گے اورڈرون حملے کے بعدمذاکراتی عمل ختم ہوگیا،حکومت اب دوتین ماہ کیلیے مذاکرات کی بات بھول جائے،دوتہائی اکثریت سے منتخب ہونے والے وزیراعظم جلدہی دباؤکاشکارہونے والے ہیں،حکیم اللہ محسودکے خون کے ہرقطرے کے بدلے خودکش بمبار پیدا ہوں گے اورہم اپنے رہنماکے خون کابدلہ لیں گے۔دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جین ساکی نے کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسودکی ہلاکت کی رپورٹوں کی تصدیق یاتردیدسے انکارکردیا۔ترجمان نے کہاکہ انھوں نے کالعدم تحریک طالبان کے امیرکے مارے جانے کی خبریں دیکھی ہیں لیکن فی الحال اس کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
Load Next Story