کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے وفاقی حکومت کردار ادا کرے گی وزیراعظم

کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور اس کی ترقی ملک کی ترقی ہے، وزیراعظم

نوجوانوں کو ہنر فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی معیشت کا حب ہے اور اس کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات میں شکور شاد، آفتاب جہانگیر، اکرم چیمہ، عطاء اللہ خان، اسلم خان، فہیم خان اور کیپٹن (ر ) جمیل احمد خان شامل تھے، ارکان نے وزیراعظم کو کراچی کے مسائل اور اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو صحت، روزگار اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور اس کی ترقی ملک کی ترقی ہے، شہر کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک ہے، شہر کی ترقی اور یہاں کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکنہ کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور بہت جلد کراچی کا دورہ بھی کروں گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے پارلیمانی پارٹی بلوچستان کے وفد نے معاون خصوصی سردار یار محمد رند کی قیادت میں ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی جب کہ وفد نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔


وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اورصوبے میں سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لئے صوبائی حکومت کی ہر ممکنہ طریقے سے معاونت کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام سے بلوچستان کے نوجوانوں کو مستفید ہونے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے اور حکومت کی کوشش بھی ہے کہ صنعتی عمل تیز ہو اور نوجوانوں کو نوکریوں کے زیادہ مواقع میسر آئیں، حکومت نوجوانوں کو ہنر فراہم کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے، منتخب نمائندے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

 

 
Load Next Story