کوئٹہ خالی مکان میں دھماکے سے3 افراد زخمی بارودی مواد اوردیگر سامان برآمد

علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 2 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے نامعلوم مقام پر تفتیش کی جارہی ہے۔


ویب ڈیسک November 03, 2013
مکان سے بڑی مقدار میں المونیم پاوڈر، دھماکاخیز مواد اور 6 بیٹریاں بھی برآمد ہوئیں ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

مشرقی بائی پاس پر واقع ایک خالی مکان میں دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے گھر سے مزید دھماکا خیز مواد، کمپیوٹر اور دیگر سامان برآمد کرکے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر ٹاور چوک کے قریب ایک مکان میں دھماکہ ہوا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ مکان کے 6 کمرے منہدم جبکہ دھماکے کی جگہ پر 10 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا اور جائے وقوعہ کے قریب موجود 3 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے فوری بعدپولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق مکان کے صحن میں خون کے دھبے بھی ملے ہیں تاہم کسی بھی شخص کی موجودگی کا ثبوت نہیں ملا، دھماکے کی جگہ سے ایک تباہ شدہ موٹر سائیکل ملی ہے جس سے یہ شبہ ہوتا ہے کہ بارودی مواد اسی میں نصب تھا، اس کے علاوہ مکان کے ملبے سے مکان سے 5 کلو گرام المونیم پاوڈر، 2 کلو گرام دھماکاخیز مواد، 6 بیٹریاں، ریموٹ کنٹرول کے 4 ریسیور، 25گز پراما کارڈز، دو لیپ ٹاپ ، ٹی وی اور دیگر سامان سمیت دستاویز بھی ملی ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے دو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں