ڈھاکا برطانوی اورامریکی نژاد 2 بنگلادیشی شہری جنگی مجرم قرارغیر حاضری میں سزائے موت

جنگی جرائم کے ٹریبونل نے دونوں کو 18 افراد کے اغوا اور ان کے قتل کے 11 میں مجرم قرار دیا ہے۔

بنگلادیش حکومت کی جانب سے قائم جنگی جرائم کا متنازع ٹریبونل 7 افراد کو سزائے موت کا حکم سناچکا ہے۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش میں جنگی جرائم سے متعلق کیسوں کی سماعت کرنے والے خصوصی ٹریبونل نے برطانوی اور امریکی نژاد 2 بنگلادیشی شہریوں کو ان کی غیر موجودگی میں جنگی مجرم قرار دے کر سزائے موت سنادی ہے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈھاکا میں بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے قائم جنگی جرائم کے خصوصی ٹریبونل میں برطانوی شہری معین الدین اور امریکی شہری اشرف الزمان خان کے خلاف مکتی باہنی کے حامیوں کے اغوا اور ان کے قتل کے الزام کی سماعت ہورہی تھی، دونوں افراد خود تو پیش نہیں ہوئے تاہم انہوں نے اپنے وکلا کے ذریعے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے انہیں سیاسی قرار دیا تھا۔ عدالت نے ملزمان کی غیر موجودگی میں ہی کیس کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں کو 18 افراد کے اغوا اور ان کے قتل کے 11 واقعات میں مجرم قرار دے کر انہیں سزائے موت سنادی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش حکومت کی جانب سے قائم جنگی جرائم کا متنازع ٹریبونل 7 افراد کو سزائے موت کا حکم سناچکا ہے جن میں زیادہ تر جماعت اسلامی کے رہ نما ہیں۔ عدالتی کارروائیوں کے خلاف ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کیا گیا تھا جبکہ انسانی حقوق کی کئی عالمی تنظیموں نے بھی اس کی شفافیت پر سوال اٹھائے ہیں
Load Next Story