ون ڈے رینکنگ میں سعید اجمل نمبر ون بالر اور محمد حفیظ نمبر ون آل راؤنڈر قرار

10 بہترین بلے بازوں میں پاکستان کے مسٹر ٹک ٹک ہی جگہ بنانے میں کامیاب ہوپائے ہیں، مصباح الحق 9ویں نمبر پر براجمان ہیں۔


ویب ڈیسک November 03, 2013
محمدحفیظ اور سعید اجمل جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں کامیابی کے بعد پویلین لوٹ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کے جادو گر بالر سعید اجمل نے بالنگ اور آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ نے ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ کے مطابق ون ڈے فارمیٹ میں بیٹنگ میں بھارتی کھلاڑی ویراٹ کوہلی پہلے نمبر پر ہیں ، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ کا دوسرا ، دورہ بھارت میں قائم مقام آسٹریلوی کپتان جارج بیلے کا تیسرا اور سری لنکن وکٹ کیپر بیٹسمین کمارا سنگاکارا کا چوتھا نمبر ہے، پہلے دس بلے بازوں میں پاکستان کے مسٹر ٹک ٹک ہی جگہ بنانے میں کامیاب ہوپائے ہیں، مصباح الحق نویں نمبر پر براجمان ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں جادوگر اسپنر سعید اجمل کا جادو ایک بار پھر سر چڑھ کر بول رہا ہے اور وہ تمام بالرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن اور تیسرے نمبر پر بھارت کے رویندر جدیجا ہیں، پہلے 10 بہترین بالرز کی فہرست میں محمد حفیظ بھی شامل ہیں تاہم ان کا نمبر اس فہرست میں دسواں ہے۔

پاکستان کے محمد حفیظ کا بلا بھلے ہی ان کا ساتھ نہ دے رہا ہو لیکن آل راؤنڈ کارکردگی میں وہ سب سے آگے ہیں اور ایک بار پھر آئی سی سی کے بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، دوسرا نمبر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا ہے اور تیسرے نمبر پر سری لنکا کے تجربے کار کھلاڑی تلکارتنے دلشان ہیں جبکہ بوم بوم آفریدی اس فیہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں