کراچی ٹیسٹ کمزور پڑتی گرفت مضبوط بنانے کی جدوجہد شروع

دوسری اننگز میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے57رنزاسکور کرلیے، عابد علی 32،شان مسعود 21 پر ناٹ آؤٹ

23 رنز کا خسارہ اب بھی برقرار، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 271 پر رخصت۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے کمزور پڑتی گرفت مضبوط بنانے کی جدوجہد شروع کر دی، دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے57رنز اسکور کرلیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا نے دوسرے دن 3 وکٹ پر 64 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، انجیلو میتھیوز8 اور نائٹ واچ مین ایمبلڈینیا 3 رنز پر ناٹ آؤٹ کریز پرواپس آئے، ایمبلڈینیا کا ابتدا میں قسمت نے ساتھ دیا، وہ نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہونے سے بچے اور پھر اسی اوور میں گلی پوزیشن پر موجود بابر اعظم نے کیچ ڈراپ کر دیا، انھیں 13 رنز پر محمد عباس نے اپنا شکار بنایا، سلپ میں اسد نے کیچ تھاما، یوں سری لنکا نے78 رنز پر چوتھی وکٹ گنوا دی،صرف 2رنز کے اضافے سے میتھیوز بھی ٹیم کو بیچ منجھدار میں چھوڑ کر چلتے بنے۔

شاہین آفریدی کی گیند جب بیٹ کو چھوتی ہوئی رضوان کے گلوز میں محفوظ ہوئی تو ان کا اسکور13 رنز تھا، اس کے بعد چندیمل اور ڈی سلوا نے ذمہ داری سے بیٹنگ شروع کی، ڈی سلوا نے یاسر شاہ کو ایک ہی اوور میں چھکا اور چوکا بھی رسید کیا، البتہ پھر انہماک کھو بیٹھے اور شاہین کی گیند پر پل شاٹ کھیلا، ٹاپ ایج پر عباس نے کیچ تھامنے میں کوئی غلطی نہیں کی، ڈی سلوا نے32 رنز بنائے،147 پر چھٹی وکٹ گرنے سے 67 رنز کی شراکت کا اختتام ہوگیا۔


چندیمل اور ڈکویلا نے لنچ تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی، مجموعی اسکوراس وقت170 تھا، اگلے سیشن میں عباس نے ڈکویلا (21) کو بولڈ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی، چندیمل ڈٹے رہے انھوں نے عباس کو کور ڈرائیو پر چوکے سے نصف سنچری مکمل کر لی، اسی کے ساتھ سری لنکا نے بھی پاکستانی اسکور کو کراس کر لیا، نسیم شاہ کی گیند باؤنڈری کے پار پہنچا کرپریرا نے ٹیم کے200رنزکی تکمیل کرائی، چندیمل کی قیمتی وکٹ حارث سہیل کو ملی، کٹ شاٹ کھیلتے ہوئے انھوں نے گیند بیک ورڈ پوائنٹ پر موجود شان کے ہاتھوں میں پہنچا دی۔

چندیمل نے 143 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے74 رنز اسکور کیے، انھوں نے پریرا کے ساتھ 51 رنز کی شراکت بنائی، پریرا کا اسکور جب 32 تھا تو ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے پر شاہین نے ریویو لیا مگر فیصلہ تبدیل نہ کرا سکے۔ چائے کے وقفے تک مہمان ٹیم نے 8 وکٹ پر 251 رنز بنا لیے تھے، پریرا اور وشوا فرنانڈو نے 36رنز جوڑ کرپاکستانی ٹیم کو فرسٹریشن کا شکار کیا، یہ پارٹنر شپ شاہین نے پریرا (48) کو ایل بی ڈبلیو کر کے توڑی، بیٹسمین کو ریویو لینے کا کوئی فائدہ نہ ہوا، ایک گیند بعد لاہیرو کمارا (صفر) بھی بولڈ ہو گئے۔

مہمان ٹیم 85.5 اوورز میں 271رنز بنا کر رخصت ہوئی، وشوا5رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، شاہین شاہ آفریدی نے 77 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا،عباس نے 55رنز دیکر 4 وکٹیں لیں، پاکستانی فیلڈرز نے کئی کیچز ڈراپ کیے۔

جواب میں میزبان ٹیم نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے57رنز بنا لیے، عابد علی 32 اور شان 21 پر ناٹ آؤٹ رہے، اس دوران ان کیخلاف ایک زوردار ایل بی ڈبلیو اپیل مسترد ہونے پر ریویو بھی مہمان ٹیم کے کام نہ آ سکا، پاکستان کو اب بھی23 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
Load Next Story