عصمت اللہ شاہین بھیٹانی کالعدم تحریک طالبان کے عبوری امیر مقرر

کالعدم تحریک طالبان کے مستقل امیر کا تقرر بعد میں کیا جائے گا، شاہد اللہ شاہد

اس سے قبل طالبان کمانڈر شہریار محسود کو عبوری سربراہ جب کہ سید خان عرف سجنا کو امیر مقرر کئےجانے کی متضاد اطلاعات تھی تاہم طالبان نے اس کی تردید کی۔ فوٹو: اے ایف پی

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد مرکزی مجلس شوریٰ کے سربراہ عصمت اللہ شاہین بھیٹانی کو عبوری امیر مقرر کردیا۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں عصمت اللہ شاہین بھیٹانی کو عبوری سربراہ مقرر کیا گیا ہے تاہم تحریک کے مستقل سربراہ کا تقرر بعد میں کیا جائے گا۔ اس سے قبل طالبان کمانڈر شہریار محسود کو کالعدم تحریک طالبان کا عبوری سربراہ جب کہ سید خان عرف سجنا کو امیر مقرر کئےجانے کی متضاد اطلاعات تھی جن کی طالبان کے ترجمان کی جانب سے تردید کی گئی، تاہم اب تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہے کہ تحریک کے امیر منتخب ہونے تک عصمت اللہ خان بھیٹائی کو عبوری سربراہ مقرر کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں حکیم اللہ محسود اپنے بھائی، چچا، محافظ اور ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے تھے، امریکا کی جانب سے 2009 میں ڈرون حملے میں بیت اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد طالبان کے امیر بننے والے حکیم اللہ محسود کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
Load Next Story