ماہرہ خان اور مہوش حیات لاکھوں لوگوں کیلئے رول ماڈل ہیں ہمایوں سعید

ہم بحیثیت قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک کہ اپنی خواتین کو عزت دینا نہ سیکھ لیں، ہمایوں سعید


ویب ڈیسک December 21, 2019
بدقسمتی سے ہمارے یہاں آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو محنتی اور باصلاحیت خواتین پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، ہمایوں سعید فوٹوفائل

اداکار ہمایوں سعید نے ماہرہ خان اور مہوش حیات کو لاکھوں لوگوں کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم اپنی خواتین کو عزت دئیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔

گزشتہ روز مومل نامی خاتون نے ماہرہ خان کو ''دوٹکے کی عورت'' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تم جیسی عورتوں کی معاشرے میں کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ بھی اس خاتون نے ماہرہ کے لیے کئی نازیبا جملے استعمال کیے تھے۔ جس کے جواب میں ماہرہ خان نے خاتون کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کی ذہنیت آپ کے لفظوں میں صاف نظر آرہی ہے۔

اداکار شان نے ماہرہ خان کے لیے نازیبا جملے استعمال کرنے والی خاتون کو شرم دلاتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو پاکستانی کہتے ہوئے شرم آرہی ہے ماہرہ نے اپنے کام سے عزت کمائی ہے آپ ان سے جینے کا طریقہ سیکھیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ خان کا 'دو ٹکے کی عورت' کہنے والی خاتون صارف کو کرارا جواب

شان کے بعد ہمایوں سعید نے بھی ماہرہ خان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہمارے یہاں آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو ماہرہ خان اور مہوش حیات جیسی ناقابل یقین حد تک محنتی، باصلاحیت اور سیلف میڈ خواتین پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔ یہ دونوں لاکھوں لوگوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔

ہمایوں سعید نے مزید کہا ہم بحیثیت قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک کہ اپنی خواتین کو عزت دینا نہ سیکھ لیں اور ان کے ساتھ وقار سے پیش نہ آئیں۔



ہمایوں سعید کے ٹوئٹ پر اداکارہ مہوش حیات نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے خیالات کو سراہا اور کہا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ''می ٹو'' کے اس دور میں جب ایک مرد ساتھی کسی خاتون کے لیے آواز اٹھاتا ہے تو اسے نہ ہی قبول کیا جاتا ہے اور نہ ہی اس مرد کو سراہا جاتا ہے۔

ہمایوں سعید آپ کی سپورٹ کرنے کا بے حد شکریہ، یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہمارے ارد گرد اب بھی اپنی سنجیدہ آواز کے ساتھ کچھ شریف آدمی موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں